سکندر سلطان راجہ نئے چیف الیکشن کمشنر، سند ھ ممبر الیکشن کمیشن کے لئے نثار درانی، بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی کے نام پر اتفاق

سکندر سلطان راجہ نئے چیف الیکشن کمشنر، سند ھ ممبر الیکشن کمیشن کے لئے نثار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) الیکشن کمیشن کے سربراہ اور ارکان کے تقرر کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان طویل ترین ڈیڈلاک اور مختلف مشاورتی اجلاسوں کے بعد بالآخر چیف الیکشن کمشنر کیلئے سکندر سلطان راجہ،سندھ سے ممبر الیکشن کمیشن کیلئے نثار درانی جبکہ بلوچستان سے شاہ محمد جتوئی کے نام پر اتفاق ہو گیا،وفاقی وزیر شیریں مزاری نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران کے ناموں پر اتفاق کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں ناموں پر اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے، یہ نام اب وزیراعظم کو بھیجے جائیں گے، اس روایت کو آگے لے کر چلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کو حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر شیریں مزاری کی سربراہی میں ہوا جس میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ممبران کے ناموں پر بحث کی گئی۔ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ آج ہماری کمیٹی کا 13واں اجلاس تھا اور آج ہم نے اتفاق رائے سے تینوں خالی نشستوں پر تعیناتی کیلئے ناموں پر اتفاق کرلیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ ہونگے، سندھ سے نثار درانی اور بلوچستان سے شاہ محمد جتوئی رکن الیکشن کمیشن ہوں گے جبکہ یہ تینوں نام اتفاق رائے سے طے کیے گئے ہیں۔بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کردیا جائے گا۔شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ پارلیمان نے فیصلہ کیا اور ہم نے کسی اور ادارے پر اس کی ذمہ داری نہیں سونپی کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ پارلیمان کے فیصلے پارلیمان کے اندر ہی ہونے چاہیے۔ چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے ناموں پر اتفاق رائے ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن)کے رہنما ء رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو کام اتفاق رائے سے ہوجائے وہ اچھا ہوتا ہے، لچک کا مظاہرہ دونوں طرف سے کیا گیا ہے، حکومت پہلے اپنے ناموں پر بضد تھی لیکن پھر نام تبدیل کیے جس سے عمل آسان ہوا، سکندر سلطان راجہ محنتی اور دیانت دار ہیں، انہوں نے ہمارے ساتھ کافی عرصے کام کیا۔ملکی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کیلئے کسی سابق بیورو کریٹ کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ سندھ کے ممبر کیلئے فائنل کیے جانیوالے نثار درانی حیدرآباد لا کالج کے پرنسپل ہیں اور حیدرآباد بار ایسوسی ایشن کے صدر رہ چکے ہیں جبکہ شاہ محمد جتوئی بھی سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ ہیں۔پارلیمانی کمیٹی کے درمیان اتفاق رائے پیدا ہونے کے بعد اب صدر مملکت نئے چیف الیکشن کمشنر کے نام کی منظوری دیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر

مزید :

صفحہ اول -