سپریم کورٹ، چیف ایگزیکٹو افسر پی آئی اے کی بحالی کی درخواست مسترد، دنای سربراہ تعینات کرنے کا حکم 

سپریم کورٹ، چیف ایگزیکٹو افسر پی آئی اے کی بحالی کی درخواست مسترد، دنای ...

  



اسلام آباد(نیوزایجنسیاں) سپریم کورٹ نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او)ائیر مارشل ارشد محمود ملک کو بحال کرنے کی درخواست مسترد کر تے ہوئے حکومت کو پی آئی اے کانیا سربراہ تعینات کرنے کا حکم دیدیا،چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دئیے کہ پی آئی اے میں سفر کرکے حال تو دیکھیں، پی آئی اے کسی کی جاگیر نہیں،قوم کا اثاثہ ہے، سی ای او کو عارضی انتظامات کے تحت لایا گیا تھا، یہ موصوف خود ڈیپوٹیشن پرآئے اور دس بندوں کو ساتھ لے آئے، پی آئی اے چیئرمین قانون کے مطابق آنا چاہیے، حکومت طریقہ کار کے مطابق پی آئی اے کانیا سربراہ تعینات کرے، معلوم نہیں کوئی ایئر مارشل پی آئی اے کو کیسے چلائے گا، بہتر ہے ایئر مارشل پیک اپ کرلیں، حکومت کیوں پی آئی اے کو چلا رہی ہے، پی آئی اے پاکستان ائیرفورس کو ہی دے دیں۔منگل کو سپریم کورٹ میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر مارشل ارشد محمود کو کام سے روکنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے سی ای او پی آئی اے ارشد محمود کو کام پر بحال کرنے کی استدعا مسترد کردی تاہم پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو کام کرنے کی اجازت دیدی۔سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ سے مقدمہ کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سی ای او پی آئی اے کا مقدمہ نجکاری کیس کیساتھ منسلک کردیا۔درخواست گزار کا موقف تھا کہ پی آئی اے کو چلانے کیلئے ایوی ایشن کا تجربہ ہونا چاہیے۔ عدالت عالیہ نے ائیر کموڈور کو ٹھیکہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پی آئی اے کو خاندانی کمپنی بنا دیا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ سی ای او کی تقرری کیلئے اشتہار دیا گیا تھا، ارشد محمود کو طریقہ کار کے مطابق پی آئی اے میں سی ای او کنفرم کردیا گیا تھا۔جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ جب سے یہ آئے ہیں سو فیصد کرایہ بڑھا دیا، دیکھنا ہوگا کہ اشتہار کو کوئی خاص ڈیزائن دیکر تو جاری نہیں کیا گیا، پرانے اشتہارات کا بھی جائزہ لیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔

سپریم کورٹ

مزید : صفحہ اول