عمران خان ٹرمپ ملاقات، مسئلہ کشمیر پر پاکستان بھارت کے درمیان کردار ادا کرسکتا ہوں: امریکی صدر
ڈیووس (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کیلئے وزیراعظم عمران خان کچھ دیر قبل ڈیووس پہنچے جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی،سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کی سائیڈ لائنز پر ہونیوالی اس اہم ملاقات میں امریکی اور پاکستانی وفد کے اراکین بھی شامل تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیساتھ ملاقات کو پرمسرت قرار دیتے ہوئے کہا آپ سے دوبارہ ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا پا کستا ن خطے میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ امریکی صدر ٹرمپ کیساتھ ملاقات میں افغان امن عمل اور کشمیر کے مسئلے پر بات ہوگی۔اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پاکستانی وزیراعظم کیساتھ دوبارہ ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا عمران خان دو ست ہیں، ان کیساتھ ملاقات کرکے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ ہم دونوں مسئلہ کشمیر پر بات چیت کرینگے۔ اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کردار ادا کرسکتا ہوں۔
عمران ٹرمپ ملاقات