کیا سندھ کوئی کالونی ہے جہاں ہم صوبے کا آئی جی تبدیل نہیں کر سکتے؟ بلاول بھٹو زرداری
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ پنجاب کا آئی جی چٹکی بجاتے ہی تبدیل ہو جاتا ہے، کیا سندھ کوئی کالونی ہے جہاں ہم صوبے کا آئی جی تبدیل نہیں کر سکتے؟ سندھ کے حصے کا پانی چوری ہو رہا ہے لیکن مسئلہ حل نہیں ہوا، سندھ حکومت کم وسائل کے باوجود منصوبے مکمل کر رہی ہے۔میں ایک سال سے کہہ رہا ہوں کہ عوام کا معاشی قتل عام ہو رہا ہے، آٹے کے بحران نے ریاست کو غذائی طور پر غیرمحفوظ بنا دیا ہے۔ زرداری دور میں گندم بیچنے والے ملک کو گندم خریدنے والا ملک بنا دیا گیاہے۔آج تک وفاق کی جانب سے ایک ربن کٹنگ تقریب سندھ میں نہیں ہوئی،وفاق نے گالم گلوچ اور تقریروں کے علاوہ ایک بھی منصوبہ بھی عوام کے لیے شروع نہیں کیا،پی ٹی آئی اور ن لیگ کی معاشی پالیسی میں کوئی فرق نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو دھابیجی پمپنگ ہاؤس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ سندھ حکومت پانی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پورے صوبے میں پانی کا مسئلہ ایک دن میں حل نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی پہلی ترجیح پانی کا مسئلہ حل کرنا ہے، دھابیجی میں نئے پمپنگ اسٹیشن کا منصوبہ اہم ہے۔ ہزاروں کلومیٹر کی پائپ لائن بچھائی جس سے پانی کی بچت ہوئی۔ کراچی کے ساتھ گھارو کو بھی پانی فراہم کر رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہماری ترجیح ہے کہ پانی کا مسئلہ حل کیا جائے،ایک دن میں سندھ کے پانی کا مسئلہ حل نہیں کر سکتے،سندھ حکومت نے آج تاریخی منصوبے کا افتتاح کیا، ہم زیر زمین پانی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں،کراچی کے علاوہ دوسرے علاقوں کے لیے بھی پانی پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاق سے مطالبہ ہے جو وعدے کیے وہ پورے کرے، ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ کو اپنا حق دے۔ وفاق سے اپنے مطالبے کی جدوجہد کرتے رہیں گے۔بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ عمران خان نے کراچی میں وعدہ کیا تھا کہ ڈی سیلی نیشن منصوبے شروع کروائیں گے۔ پانی کے وزیر نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ سندھ کا پانی چوری ہو رہا ہے۔ میرے صوبے میں وفاق کی طرف سے ایک پتھر نہیں لگا۔انہوں نے کہا کہ عوام دشمن حکومت سے عوام کو حقوق دلانا ہوگا، طاقت کا سر چشمہ عوام ہے یہ ماننا پڑے گا ورنہ گھر جانا پڑے گا۔ آئین کے مطابق جو عوام کا حق ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہم اپنے حق سے زیادہ نہیں مانگ رہے۔انہوں نے کہاکہ وفاق نے جو وعدے کیے اسے پورے کرے،ہم وفاق کو حقوق چھیننے نہیں دیں گے،وفاقی حکومت نے کے فور کے لیے سندھ سے وعدہ کیا تھا۔انہوں نے وفاقی حکومت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج تک وفاق کی جانب سے ایک ربن کٹنگ تقریب سندھ میں نہیں ہوئی،وفاق نے گالم گلوچ اور تقریروں کے علاوہ ایک بھی منصوبہ بھی عوام کے لیے شروع نہیں کیا،پی ٹی آئی اور ن لیگ کی معاشی پالیسی میں کوئی فرق نہیں،سازشوں کے باوجود باقی صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں زیادہ منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں،اب عوام کا معاشی قتل برداشت نہیں کریں گے،یہ حکومت ہر طرف سے غریب عوام کے لیے عذاب بنی ہوئی ہے،آٹے کا بحران سب کے سامنے ہے، زرداری دور میں گندم بیچنے یوالے ملک کو گندم خریدنے والا ملک بنا دیا گیا۔ اس موقع پروز یراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ منصوبہ 1.4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے، اس پمپنگ ہاؤس میں 4 نئے پمپس نصب کیے گئے ہیں، ہر پمپ کی گنجائش 25 ایم جی ڈی ہے اس طرح شہر کو 100 ایم جی ڈی پانی زیادہ ملے گا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پرانے پمپنگ اسٹیشن 1959 میں تعمیر کیے گئے تھے جو کہ ابھی تک کام کر رہے تھے اور ان کی گنجائش میں کافی حد تک کمی آچکی تھی، سندھ حکومت حب سورس سے پانی لانے کے لیے اس کی کینال کی امپرومنٹ کا کام شروع کررہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حب کینال کی امپرومنٹ سے 30 فیصد پانی کے لائن لاسز ختم ہوجائیں گے جوکہ کراچی کے ضلع وسطی میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے اہم ثابت ہوگا اور کراچی میں پانی کے مسئلہ کا حل اور اربن ٹرانسپورٹ پروجیکٹس کی تکمیل سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔مراد علی شاہ نے کہاکہ سندھ حکومت کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر)کو دوبارہ سی پیک پروجیکٹس میں شامل کرانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔