گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کراچی کے مختلف یوٹیلٹی اسٹورز کا اچانک دورہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کراچی کے مختلف علاقوں میں قائم یوٹیلٹی اسٹورز کا اچانک دورہ کیا۔ اس سلسلہ میں گورنرسندھ کراچی کے علاقہ اختر کالونی،کورنگی روڈپر واقع یوٹیلٹی اسٹور پہنچے تووہاں پر لوگ قطار میں کھڑے آٹا کا انتظار کررہے تھے گورنرسندھ نے لوگوں سے باری باری مصافحہ کیا ان نے اسٹور کے حوالہ سے بات کی، گورنرسندھ نے اسٹور میں رکھی گئیں اشیاء کی قیمتوں اور عدم دستیابی سے متعلق حکام سے بازپرس بھی کی اور انھیں ہدایت کی کہ اشیاء کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔گورنرسندھ نے یوٹیلٹی اسٹور کے چیئر مین ذوالقرنین سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انھیں آٹا کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی، گورنرسندھ آٹا آنے تک اسٹور پر ہی موجود رہے۔بعدازاں گورنرسندھ پنجاب چورنگی اور صدر میں واقع یوٹیلٹی اسٹورزپہنچے وہاں پر موجود لوگوں سے بھی اسٹورز سے متعلق بات کی۔گورنرسندھ نے کہا کہ اشیاء کی دستیابی کے حوالہ سے یوٹیلٹی اسٹورز کے اچانک مزید دورے کروں گا اس ضمن میں اسٹورز کی شکایات سے وزیر اعظم پاکستان کو بھی آگاہ کروں گا تاکہ لوگوں کو آئندہ کسی قسم کی بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم پاکستان نے غریب افراد کے لئے 7 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا تاکہ لوگوں کو رعایتی قیمتوں پر اشیاء حاصل ہو سکیں،واضح رہے کہ وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت لوگوں کو یوٹیلیٹی اسٹورپر فی کلو آٹا 10 روپے، چینی 10روپے، مالٹا گھی 40 روپے، چاول 30 روپے،دال چنا 25 روپے سمیت دیگراشیاء پربھی خصوصی رعایت فراہم کی جارہی ہے۔