تین پاکستانی سکولوں کی حالت بہتر کرنے کے لیے ایک ملین درہم خرچ کئے گئے

تین پاکستانی سکولوں کی حالت بہتر کرنے کے لیے ایک ملین درہم خرچ کئے گئے
تین پاکستانی سکولوں کی حالت بہتر کرنے کے لیے ایک ملین درہم خرچ کئے گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (طاہر منیر طاہر) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی اور ناردرن ایمریٹس میں مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن سروسز فراہم کررہی ہے۔ دبئی قونصلیٹ تک آنے اور لوگوں کو لمبے سفر سے بچانے کے لیے دبئی قونصلیٹ نے دیگر ریاستوں تک اپنی خدمات کا دائرہ بڑھادیا ہے۔ اب شارجہ، عجمان، راس الخیمہ اور الفجیرہ میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوانے، تجدید کروانے یا کاغذات کی تصدیق کے لیے دبئی نہیں آنا پڑے گا بلکہ متذکرہ سروسز اب متذکرہ ریاستوں تک پہنچائی جارہی ہیں تاکہ امارات میں مقیم پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات پہنچائی جاسکیں۔ ان خیالات کا اظہار قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل احمد امجد علی نے گزشتہ روز ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ قونصلیٹ کے دیگر سٹاف گیان چند، عاشق حسین شیخ، عبدالوہاب شیخ اور سید مصور عباس بھی موجود تھے۔
قونصل جنرل احمد امجد علی نے بتایا کہ سال 2019ءکے دوران امارات کی مختلف ریاستوں میں قائم تین پاکستانی سکولوں میں تعلیم کے فروغ اور ان کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک ملین درہم خرچ کئے گئے ہیں۔ گزشتہ سال ایک لاکھ دس ہزار پاسپورٹ جاری کئے گئے۔ 40 ہزار شناختی کارڈ بنائے گئے۔ 25 ہزار ویزے جاری کئے گئے، 400 قیدیوں کو جیل سے رہائی دلا کر ان کے گھروں میں بھجوایا گیا۔ 10 ہزار سے زائد مستحق لوگوں کی امداد کی گئی جبکہ ماہ رمضان میں نادار اور مستحق افراد کو رمضان پیکج دیے گئے۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ پہلے لوگ قونصلیٹ سے باہر کھلے آسمان تلے دھوپ اور گرمی میں لائنوں میں لگے ہوتے تھے جبکہ اب ایسا نہیں ہے بلکہ اب ڈھائی سو سے زائد لوگوں کے بیٹھنے کے لیے ایئر کنڈیشنڈ جگہ قونصلیٹ میں ہی فراہم کردی گئی جبکہ قونصلیٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کے سلسلہ میں بھی کام مثبت انداز میں جاری ہے۔

قونصل جنرل نے بتایا کہ دبئی کے ایک سکول میں ملٹی پرپز ہال، کلاس رومز اور انٹرنیشنل گراﺅنڈ کی تعمیر کا کام بھی جلد شروع کردیا جائے گا۔ 23 مارچ سے قبل قونصلیٹ میں ٹورازم کے فروغ کے لیے ڈسپلے سنٹر قائم کردیا جائے گا۔ انہوں نے دبئی میں پاکستان ایسوسی ایشن دبئی اور شارجہ میں پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ دونوں ادارے پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔