فوڈ پیلس اور گلوبل انٹرٹینمنٹ کے زیراہتمام میوزیکل نائٹ منعقد کی گئی
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں گلوکاروں نے پاکستانی گانوں کے ایسے سر چھیڑے کہ منچلے نوجوان جھومنے اور ناچنے پر مجبور ہوگئے. سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے فوڈ پیلس ہوٹل اور گلوبل انٹرٹینمنٹ کی جانب سے میوزیکل نائٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں فیملیز کے علاوہ سفارتی افسران نے بھی شرکت کی اور موسیقی سے لطف اندوز ہوئے میوزیکل نائٹ میں وسیم رفیق، عاقب، سلیم رفیق اور دیگر نے پاکستانی گانے گائے اور خوب رنگ جمایا جس پر منچلے افراد رقص بھی کرتے رہے جبکہ جگ مگ کرتے تنورا ڈانس نے بھی خوب سماں باندھا.
تقریب سے سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیر اتاشی عبدالشکور شیخ نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت ریاض میں مقیم کیمونٹی نا صرف زندہ دل ہے بلکہ اچھی اور معیاری تفریح کی تقریبات کا انعقاد کرتی رہتی ہے اور سفارت خانہ پاکستان بھی ایسے ایونٹ کروانے کے لئے اقدامات کر رہا ہے. میوزیکل نائٹ کے آرگنائزر نافع حسین، بلال ارشدکا کہنا تھا کہ دیار غیر میں پاکستان کی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے پاکستانی میوزک اہم ذریعہ ہے جس سے سعودی اور دیگر ممالک کے افراد روشناس ہوتے ہیں اور پاکستان کا وقار بڑھتا ہے ۔
فوڈ پیلس کے مالکان حمزہ سعید اور چوہدری سجاد نے ایونٹ کو خوشگوار تفریح قرار دیا اور کہا کہ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ ہم اچھے اور معیاری پروگرام منعقد کروائیں تاکہ ریاض میں موجود کیمونٹی اس سے لطف اندوز ہوسکے اور ہماری ایسی تمام کاوشوں کو کیمونٹی سراہتی ہے اور ہمیں پیار دیتی یے تو ہم مزید آگے بڑھتے ہوئے تفریحی پروگرام منعقد کرتے ہیں. میوزیکل ایونٹ میں شہر ریاض کی اہم شخصیات کے علاوہ سفارت خانہ پاکستان کے ہیڈ آف چانسری عمر منظور اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی.