" ہمارا گروپ بنانے کا مقصد ون پوائنٹ ایجنڈا اور وہ . . . " تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بنانے والے سردار شہاب الدین کھل کر بول پڑے
لاہور(ویب ڈیسک) حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے فاروڈ بلاک بنانے والے لیہ سے منتخب ایم پی اے سر دار شہاب الدین نے کہا ہے ہم سے سپیکر چودھری پرویز الہٰی نے وزارت اعلیٰ پنجاب کیلئے ووٹ دینے سے متعلق رابطہ کیا ہے، نہ ہی ہم نے ان سے کسی قسم کا کوئی رابطہ کیا ہے۔ ہمارا گروپ بنانے کا مقصد ون پوائنٹ ایجنڈا اور وہ ہے ڈویلپمنٹ فنڈز۔ہم نے اپنے اپنے حلقوں کیلئے بیس، بیس کرو ڑ روپے کے ترقیاتی سکیموں کیلئے فنڈز مانگے تھے جو نہ دئیے گئے جس کی وجہ سے ہم یہ گروپ بنانے پر مجبور ہو گئے۔
”روز نامہ پاکستان کیسا تھ ٹیلی فونک گفتگو“ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ہمارا گروپ بنانے کا مقصد کسی کے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل، نہ ہی ہم کسی کی مبینہ نمبر گیم کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ اس سوال پر کہ مسلم لیگ (ق) کے کچھ لوگوں کا دعویٰ ہے کہ وہ چاہیں تو پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلئے نمبر گیم ان کے ہا تھ میں ہے پر ان کا کہنا تھا ان کا اشارہ (ن) لیگ کے ایم پی ایز کی طرف ہو سکتا ہے، یہ خبریں ہم نے بھی سنی تھیں، (ق) لیگ والوں کا کہنا ہے، وہ (ن) لیگ کیساتھ ملکر پنجاب میں تبدیلی لا سکتے ہیں۔ ہماری اس جدوجہد کاایک ہی مقصد ہے کہ ہمارے شہر بھی اسلام آباد، لاہور او ر فیصل آباد جیسے ہوں۔
ہمارے حلقے ان بڑے شہروں جیسے کیوں نہیں بن سکتے، ہمارے حلقوں کے عوام ترقیاتی کاموں سے کیوں محروم رہیں، ان کا کیا قصور۔ ہمیں کچھ ترقیاتی فنڈز ملے بھی ہیں مگر وہ ہماری مطلوبہ ترقیاتی سکیموں کو پورا نہیں کرتے ہیں،ہم ان ترقیاتی سکیموں کے فنڈز کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے، جب سے میں نے ایک چینل پر اس حوالے سے انٹرویو دیا ہے،تب سے اب تک وزیر اعلیٰ پنجاب مجھ سے دو مرتبہ رابطہ کر چکے ہیں۔ مجھے امید ہے ان کے رابطے کے بعد ہمارا یہ مسئلہ حل ہو جائیگا۔