پی سی بی انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی حاصل کرنے میں مصروف مگر کیا طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے؟ زبردست خوشخبری آ گئی

پی سی بی انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی حاصل کرنے میں مصروف مگر کیا طریقہ ...
پی سی بی انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی حاصل کرنے میں مصروف مگر کیا طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے؟ زبردست خوشخبری آ گئی

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی نگاہیں انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی حاصل کرنے پر مرکوز ہیں اور آئندہ فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) میں ٹورنامنٹ کرانے کا حق بولی کے ذریعے لینے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مانو ساہنی آئندہ فیوچر ٹور پروگرام پر بات چیت کیلئے مختلف بورڈزحکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، موجودہ ایف ٹی پی2016ءسے 2023ءتک تھا جس میں آئی سی سی ایونٹس کا بڑا حصہ ”بگ تھری“ بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے حاصل کیا لیکن 2024ء سے 2031ءتک کے آئندہ ایف ٹی پی پروگرام میں طریقہ کار تبدیل کرنے پر غور ہورہا ہے۔

پہلے یہ عمل مذاکرات کے ذریعے مکمل ہوتا تھا لیکن اب اولمپک اور فیفا کی طرز پر بڈنگ کی مدد سے کسی ایونٹ کی میزبانی دینے کا فیصلہ کرنے کا پلان بنایا جا رہا ہے جس کے تحت زیادہ بولی دینے والا ملک فل ممبر نہ بھی ہوتو آئی سی سی کا ٹورنامنٹ کرا سکے گا۔مانو ساہنی ملائیشیا کے وزیر اعظم، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے حکام سے مل چکے جبکہ وہ بنگلہ دیشی بورڈ کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کرنے کے بعد بدھ کو علی الصبح پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی حکام پہلے اسلام آباد میں اور اگلے روز لاہور میں میٹنگز کریں گے جس دوران انہیں ٹی 20 سیریز کے انتظامات پر بریفنگ دینے کے ساتھ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا، پی سی بی حکام آئی سی سی کے تحت ہونے والے آئندہ انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی حاصل کرنے کے خواہاں ہیں، مانو ساہنی سے ملاقاتوں میں اس حوالے سے بھی پیش رفت کا امکان ہے۔

مزید : کھیل