سعودی ولی عہد نے وائرس والی ویڈیو بھیج کر دنیا کے امیر ترین آدمی کا فون ہیک کرلیا؟ تہلکہ خیز انکشاف سامنے آگیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ایمازون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیف بیزوس کا جنوری 2019ءمیں ایک سکینڈل منظرعام پر آیا تھا۔ نیشنل انکوائرر نامی جریدے نے ان کا ان کے ایک دوست کی اہلیہ لورین سینشز کے ساتھ معاشقہ بے نقاب کیا تھا اور ان کی قابل اعتراض تصاویر شائع کی تھیں۔ یہ تصاویر جیف بیزوس کے فون سے حاصل کی گئی تھیں۔ اب اس سکینڈل کے منظرعام پر آنے سے چند ماہ پہلے جیف بیزوس کا فون ہیک ہونے کا انکشاف منظرعام پر آ گیا ہے اور ہیکنگ کی اس کارروائی میں بظاہر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا نام بھی آ رہا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ مئی 2018ءمیں جیف بیزوس کا فون ہیک ہوا تھا۔ انہیں شہزادہ محمد بن سلمان کے ذاتی فون نمبر سے ایک واٹس ایپ ویڈیو موصول ہوئی تھی جس میں وائرس تھا۔ جب دنیا کے امیر ترین آدمی جیف بیزوس نے وہ ویڈیو کھولنے کی کوشش کی تو ان کا فون ہیک ہو گیا۔
دی گارڈین نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جیف بیزوس کی تصاویر سامنے آنے کے بعد سے تحقیقات جاری ہیں جن میں ان کے فون کا فرانزک ایگزامینیشن بھی کرایا گیا ۔ جس میں پتا چلا کہ ان کا فون یکم مئی 2018ءکو ہیک ہوا۔ ہیک ہونے کے بعد چند گھنٹے کے اندر ان کے فون سے بڑی مقدار میں ڈیٹا ٹرانسفر ہوا۔ رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ہیکرز نے کس نوعیت کا ڈیٹا ان کے فون سے چوری کیا تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی لیک ہونے والی تصاویر بھی اس ڈیٹا میں شامل تھیں۔ اس وقت ایک بلاگ میں جیف بیزوس نے ان کا سکینڈل سامنے لانے والے جریدے نیشنل انکوائرر کے سعودی عرب کے ساتھ مبینہ مالی تعلقات کی طرف بھی اشارہ کیا تھا ۔
انہوں نے کہا تھا کہ سعودی عرب کی قیادت کو ترک میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل بارے واشنگٹن پوسٹ کی کوریج پر بہت غصہ تھا۔ جیف بیزوس چونکہ واشنگٹن پوسٹ کے مالک ہیں چنانچہ سعودی حکومت نے ان کی تصاویر لیک کروا کے اپنا غصہ نکالا۔ واضح رہے کہ اسی سکینڈل کی وجہ سے جیف بیزوس اور ان کی اہلیہ میکینزی بیزوس کی جنوری 2019ءمیں طلاق ہو گئی تھی۔ ان کی طلاق دنیا کی مہنگی ترین طلاقوں میں سے ایک تھی۔ ان کی شادی 1993ءمیں ہوئی تھی۔ اپنی طلاق کے بعد جیف بیزوس اب نیوز اینکر لورین سینشز کے ساتھ دیکھے جا رہے ہیں۔ چند روز قبل وہ اکٹھے بھارت کے دورے پر بھی گئے جہاں سے ان کی تصاویر منظرعام پر آئیں۔لورین سینشز بھی اپنے شوہر پیٹرک وائٹ سیل سے طلاق لینے کے لیے عدالت سے رجوع کر چکی ہیں ۔ پیٹرک اور جیف بیزوس کے قریبی دوست بھی تھے۔