دنیا کی پہلی اُڑنے والی گاڑی کی پروازیں جاپان میں شروع
ٹوکیو(مانیٹرنگ ڈیسک) جاپان کی ایک کمپنی نے دنیا کی سب سے چھوٹی اڑنے والی کار تیار کر لی۔ میل آن لائن کے مطابق اس کمپنی کا نام ’سکائی ڈرائیو‘ (SkyDrive Inc)ہے اوراس نئی کمپنی کے نام سے ٹویوٹا کے30 انجینئرز کے ایک گروپ نے یہ کار تیار کی ہے جس کے تجربات شروع کر دیئے گئے ہیں اور کمپنی کا کہنا ہے کہ رواں سال موسم گرما میں کار کو لوگوں کے سامنے اڑانے کا تجربہ کیا جائے گا۔
فی الوقت کار کی پرواز کے تجربات نگویا شہر کے مضافات میں کمپنی کی عمارت کے اندر کیے جا رہے ہیں۔ انجینئرز نے 2012ءمیں اس منصوبے پر کام شروع کیا تھا۔2014ءمیں اس کا پہلا ورژن تیار کیا گیا۔ اب 2020ءمیں اس کی ٹیسٹ فلائٹ کی گئی۔ 2023ءمیں یہ کار فروخت کے لیے مارکیٹ میں پیش کر دی جائے گی اور 2026ءتک اس کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کر دی جائے گی۔ اس کمپنی کو ٹویوٹا کی طرف سے فنڈنگ کی گئی، جس نے اس کمپنی میں ساڑھے 3لاکھ ڈالر سرمایہ کاری کی ہے۔ یہ کار 3.6فٹ اونچی، 9.5فٹ لمبی اور4.3فٹ چوڑی ہے۔
اس کار میں ایک شخص کے بیٹھے کی گنجائش ہے۔ انجینئرز کا ٹارگٹ ہے کہ یہ کار ہوا میں 100کلومیٹر فی گھنٹہ اور زمین کے قریب پرواز کرتے ہوئے150کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ کار زمین سے محض 3فٹ کی بلندی پر بھی اڑنے کی صلاحیت رکھتی ہو گی۔یہ ہیلی کاپٹر کی طرح سیدھی اوپر کی طرف ٹیک آف اور سیدھی نیچے لینڈنگ کرے گی۔ اس کے ٹیک آف یا لینڈ کرنے کے لیے سڑک کی ضرورت نہیں ہو گی۔