پیسوں کیلئے تعریف کا بیان، شعیب اختر بھی میدان میں آ گئے، وریندرا سہواگ کو ایسا جواب دیدیا کہ آپ بھی خوش ہو جائیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے وریندر سہواگ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیسہ اللہ کی ذات دیتی ہے، انڈیا نہیں، سہواگ کے سر پر جتنے بال ہیں، اس سے زیادہ میرے پاس پیسے ہیں۔
تفصیلات کے مطاسابق شعیب اختر نے کہا کہ میرے مداح صرف بھارت اور پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں ہیں اور میں کسی کے بارے میں تنگ نظر نہیں ہوں۔ جو اچھا کھیلے گا اس کی تعریف کروں گا اور جو برا کھیلے گا اس پر تنقید کروں گا، رمیز راجہ، راشد لطیف اور وسیم اکرم بھی بھارتی ٹیم کی تعریف اور تنقید کرتے ہیں لیکن تنقید کا ہدف مجھے ہی کیوں بنایا جاتا ہے؟ یہ حسد کا معاملہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیسہ اللہ کی ذات دیتی ہے، بھارت نہیں اور گزشتہ 40 سال سے اللہ ہی پال رہا ہے، سہواگ کے سر پر جتنے بال ہیں اس سے زیادہ پیسہ میرے پاس ہے، میں کسی کے بارے میں تنگ نظر نہیں ہوں۔
واضح رہے کہ وریندر سہواگ نے ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شعیب اختر سے پہلے دوستی نہ تھی لیکن بعد میں وہ اچھا دوست بن گیا۔ شعیب اختر کو بھارت سے بزنس چاہئے اس لئے اسے ہماری تعریف تو کرنی ہی پڑے گی تبھی اسے بزنس مل سکتا ہے اور بیانات دینے کیلئے بھارت بلایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شعیب اختر کے جتنے بھی بیان دیکھ لیں، وہ بھارت کی تعریفوں کے پل باندھ دیتا ہے، پیسہ سب کچھ کروا دیتا ہے۔