آئی جی سندھ پروفیشنل ہونے کے بجائے پولیٹیکل بن رہے ہیں:بیرسٹر مرتضی وہاب

آئی جی سندھ پروفیشنل ہونے کے بجائے پولیٹیکل بن رہے ہیں:بیرسٹر مرتضی وہاب
آئی جی سندھ پروفیشنل ہونے کے بجائے پولیٹیکل بن رہے ہیں:بیرسٹر مرتضی وہاب

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلی سندھ کے مشیر قانون و ماحولیات اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نےکہا ہے کہ آئی جی سندھ پولیسنگ پر توجہ دیں وہ محاذ آرائی میں پروفیشنل بننے کے بجائے پولیٹیکل بنتے جارہے ہیں،آئی جی کا کام ملاقاتیں کرنا نہیں بلکہ بہترین پولیسنگ کا کردار ادا کرنا ہے،اس معاملہ پر کوئی بحران پیدا نہیں ہوا بلکہ وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت جاری ہے اور امید ہے کہ جس طرح پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صوبائی مشاورت کے زمرے میں اقدامات اٹھائے گئے بالکل اسی طرح سندھ میں وفاقی حکومت صوبہ کی رائے کا احترام کرے کیونکہ وزیراعظم اس وقت بیرون ملک کے دورے پر ہیں ان کی وطن واپسی پر یہ معاملہ احسن طریقے سے حل کردیا جائے گا۔

سندھ اسمبلی کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکومت کے نااہل راہنما بریکنگ نیوز اور خبریں بنانے کے بجائے سامنے آئیں اور عوام کی خدمت کریں،ڈیڑھ سال ہونے کو آرہا ہے مگر ان نااہل حکمرانوں کو باتیں کرنے سے ہی فرصت نہیں جبکہ سندھ حکومت کےعملی اقدامات آج عوام کےسامنے ہیں، پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت نے صرف کراچی میں آٹھ سڑکیں تعمیر کرائیں جبکہ وفاقی حکومت گرین لائن منصوبہ پر سست روی سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آٹے کا بحران سندھ حکومت نے پیدا کیا ہے وہاں تو تحریک انصاف کی لاڈلی حکومت ہے؟ ان کو صرف سندھ حکومت کا فوبیا ہوچکا ہے ،بلاول بھٹو کے دھابےجی پمپنگ سٹیشن کا افتتاح کرنے سے جو تکلیف تحریک انصاف کی مقامی قیادت کو ہو رہی ہے وہ بھی سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو صرف عوام کو خوشخبریوں پر ٹرخا رہی ہے ،اب تو یہ سلیکٹڈ جب کوئی خوشخبری دیتے ہیں تو عوام کے دل سہم جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کے بحران سے نپٹنے کے بجائے تحریک انصاف نے اپنی توپوں کا رخ سندھ حکومت کی جانب کردیا ہے کیا، گندم امپورٹ کرنے کا فیصلہ سندھ حکومت نے کیا ہے،جس کی مخالفت اب وفاقی وزراء بھی کر رہے ہیں مگر یہ عقل و شعور سے عاری ہیں ان کو عوامی ریلیف کا احساس تک نہیں ہے۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی