وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس، جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر بریفنگ

وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس، جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر بریفنگ
وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس، جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر بریفنگ
سورس:   File

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں حکومتی و نجی شعبے کی ہاوسنگ تعمیراتی منصوبوں میں اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا۔ 

اجلاس میں سیکرٹری ہاوسنگ نے شرکاء کو وزارت ہاوسنگ کے ملک میں سستے اور کم لاگت ہاوسنگ منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال میں تقریبا 660ارب روپے مالیت کے تعمیراتی منصوبوں کا آغاز ہو جائے گا جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک نے ہاوسنگ فنانس کے حوالے سے متعین کردہ اہداف میں توقع سے بڑھ کر کامیابی پر شرکاء کو بریفنگ دی۔چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاوسنگ، تعمیرات اور ڈویلپمینٹ کے فورم سے ٹیکس مراعات، بینک فنانسنگ، مارک اپ سبسڈی، سہولت کاری رجیم اور فورکلوزر قوانین کے ضمن میں برآمد ہونے والے حوصلہ افزا نتائج پر بریفنگ دی۔

چیف سیکرٹری خیبر پختون خواہ کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے موجودہ ہاوسنگ اسکیموں  اور اضافی سائیٹس کی ڈویلپمینٹ پر پیش رفت پر آگاہ کیا گیا۔سمندر پار پاکستانیز کی وزارت کی جانب سے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے رہائشی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے نے نیا پاکستان ہاوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے تحت کم آمدنی والے طبقے کے لئے اپارٹمنٹس اسکیم کے منصوبے پر پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے شرکاء کو آگاہ کیا کہ اس منصوبے کا جلد ہی آغاز کر دیا جائے گا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بریفنگ کے دوران کہا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے عوام الناس کو بینکوں سے مکانات کی تعمیر کے لئے قرضوں کے حصول میں آسانی فراہم کرنے اور شکایات کے ازالے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان آن لائن پورٹل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا آغاز اگلے ہفتے کر دیا جائے گا۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ قرضوں کے حصول کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے آن لائن پورٹل کے قیام کی حوصلہ افزائی کرتے  ہوئے کہا کہ اس اقدام کی بدولت عام آدمی کو گھر کی تعمیر کے لئے قرض کے حصول میں آسانی ممکن ہو گی۔ وزیراعظم نے ہاوسنگ کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی متعین کردہ مدت کے اندر تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام کے لئے ذاتی اور کم لاگت چھت کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

وزیراعظم عمران خان نے سمندر پار پاکستانیوں کو ہاوسنگ اور تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے درپیش مسائل اور رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کی خصوصی ہدایات دیں۔

مزید :

قومی -