محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کا معاملہ، عمران نذیر بھی خاموش نہ رہ سکے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپنر عمران نذیر نے فاسٹ باﺅلر محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کو جلد بازی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام شعبوں کو مضبوط بنائے بغیر قومی ٹیم کی کارکردگی کا گراف بلند نہیں کیا جا سکتا۔
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں عمران نذیر نے کہا کہ پاور ہٹنگ اور فیلڈنگ میں پاکستانی کرکٹرز کی کارکردگی دیکھ کر بہت افسوس ہوتا ہے، میں نے اپنے اور شاہد آفریدی کے بعد صرف شرجیل خان کو زبردست پاور ہٹر پایا، فیلڈنگ کو مضبوط بنانے کے ساتھ پاور ہٹنگ کو بہتر بنانے کا موقع دیا جائے تو دو ماہ میں نتائج سامنے آئیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں عمران نذیر نے کہا کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جلدبازی میں کیا، وہ حسن علی اور فواد عالم کی مثال سامنے رکھتے، ڈراپ ہونا بھی کھیل کا حصہ ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ گھر بیٹھ جائیں۔
عمران نذیر نے کہا کہ قومی ٹیم سلیکشن میں بڑی تعداد میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت موزوں نہیں،مصباح الحق کو دو عہدے کسی صورت قبول نہیں کرنا چاہیے تھے، سابق کپتان ڈومیسٹک کرکٹ میں کوچنگ کرکے آتے تو زیادہ مناسب ہوتا۔