پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان 

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کیلئے کمنٹری پینل کا ...
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان 
سورس: Twitter

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں وسیم اکرم اور رمیز راجہ سمیت معروف کمنٹیٹر شامل ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان وسیم اکرم، رمیز راجہ اور بازید خان کے ساتھ مائیک ہیسمین اور ڈیرل کلینن سمیت نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ باؤلر سائمن ڈوول بھی کمنٹری کرنے والوں میں شامل ہوں گے، وسیم اکرم صرف ٹیسٹ سیریز جبکہ سائمن ڈوول صرف ٹی 20 سیریز میں کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے، دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔
غیرملکی کمنٹیٹر جنوبی افریقہ کے سابق بیٹسمین ڈیرل کلینن کا کہنا ہے کہ میں ایک بار پھر پاکستان واپسی پر بہت خوش ہوں، دونوں ٹیمیں باصلاحیت ہیں، لہٰذا میں ایک شاندار سیریز کے انعقاد کا منتظر ہوں۔ نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر سائمن ڈوول کا کہناہے کہ میں اعلیٰ معیار کے فاسٹ باﺅلرز پر مشتمل دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے آغاز کا اب مزید انتظار نہیں کرسکتا اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کیلئے بے تاب ہوں۔ 
معروف کمنٹیٹر مائیک ہیسمین نے کہا کہ سال 2003ءمیں پاکستان میں کھیلی گئی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر میں نے آن ائیر ایک جملہ کہا تھا کہ ان دونوں ٹیموں کو کوئی علیحدہ نہیں کرسکتا، آج 18 سال بعد ان دونوں ٹیموں کے درمیان جنگ کا دوبارہ آغاز ہونے جارہا ہے،اس تاریخی ٹور پر مجھے کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، میں اس سیریز کے میچز پر تبصرہ کرنے کیلئے بہت پرجوش ہوں۔ 
دوسری طرف سیریز کی براڈکاسٹ پروڈکشن سروسز مشترکہ طور پر ٹرانس گروپ ایف زیڈ ای، این ای پی گروپ اور بلٹز ایڈور ٹائزنگ کو فراہم کردی گئی ہیں، اس کنسورشیم میں این ای پی گروپ ٹیکنکل پارٹنر ہے جو گزشتہ 30 سال سے دنیا کا ایک نامور پروڈکشن پارٹنر ہے، سیریز کی کوریج کل 28 مختلف کیمروں سے کی جائے گی،جن میں ہاک آئی، بال ٹریکنگ پر مشتمل ڈی آر ایس، الٹرا موشن، بگی کیمرہ اور ڈرون کیمرہ بھی شامل ہیں۔

مزید :

کھیل -