طویل عرصے بعد پاکستان آنے والی جنوبی افریقی ٹیم کو شکست دینے کیلئے قومی کوچز نے سر جوڑ لئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم 14 سال کے طویل عرصے کے بعدپاکستان کا دورہ کر رہی ہے جسے شکست سے دوچار کرنے کیلئے پاکستانی کوچز نے بھی سر جوڑ لئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 2007ءمیں کراچی ٹیسٹ میں ہونے والی ناکامی کا بدلہ لینے کیلئے مہمان ٹیم کو قابو کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے منگل سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہونے والے مقابلے کیلئے دونوں ٹیموں کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔
پاکستان ٹیم نے دوسرے دن بھی نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کیا جس دوران ٹیسٹ کپتان اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی زیر نگرانی دیگر تین سابق ٹیسٹ کپتانوں باﺅلنگ کوچ وقار یونس، بیٹنگ کوچ یونس خان، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچ محمد یوسف اور سپن باﺅلنگ سپیشلسٹ محمد ثقلین نے حریف سائیڈ کے خلاف بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنا شروع کر دیا ہے، دوسری طرف جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کراچی جم خانہ گراؤنڈ پر تیاریوں میں مصروف ہے۔
دریں اثنا دونوں ٹیموں کی تیاریوں کی موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح سے متاثر ہوئی ہے، اطراف کی سڑکیں کنٹینر لگا کر ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہیں، مسلسل تین دن سے سڑکوں کی بندش کی وجہ سے شہری پریشانی کا شکار تو ضرور ہیں مگر اس کیساتھ ہی وہ بڑی ٹیم کی ٹیسٹ کرکٹ کیلئے پاکستان آمد پر بھی خوش ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں بحالی کرکٹ کے اس سفر میں مزید پریشانیاں برداشت کرنے کو بھی تیار ہیں۔