بغداد میں دھماکے، پاکستان کی شدید مذمت اورعراقی عوام سے اظہار یکجہتی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) بغداد میں ہونے والے دو خودکش دھماکوں پر پاکستان کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی برادر حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ بغداد میں خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 32 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوگئیں اور متعدد زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بازار میں نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ، ہم سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نےکہا کہ دہشت گردی کے ان خوفناک حملوں میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کی برادر حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔