امریکہ میں کورونا سے اتنی زیادہ ہلاکتیں ہوگئیں جتنی کسی عالمی جنگ میں بھی نہ ہوئی تھیں
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین سے شروع ہونے والے کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی سپر پاور امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں نہ صرف سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں بلکہ ہلاکتوں کی تعداد کسی بھی جنگ سے زیادہ ہوگئی ہے۔
وائس آف امریکہ (وی او اے) کے مطابق امریکہ میں اب تک ایک ہی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں دوسری جنگِ عظیم (1939 تا 1945) میں ہوئی تھیں جن کی تعداد چار لاکھ پانچ ہزار 399 تھی تاہم گزشتہ روز کورونا نے سب سے زیادہ ہلاکتوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
امریکہ میں 21 جنوری 2020 سے 21 جنوری 2021 تک 367 دنوں میں کورونا کی وجہ سے چار لاکھ چھ ہزار 147 افراد ہلاک ہوئے جبکہ آج 22 جنوری کو امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد چار لاکھ 10 ہزار 378 ہوچکی ہے۔
اس کے علاوہ پہلی عالمی جنگ (1914 تا 1918) میں امریکہ کی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 516 تھی ۔ ویتنام کی جنگ (1955 تا 1975) میں 58 ہزار 220، کوریا کی جنگ (1950 تا 1953) میں 36 ہزار 574 امریکی ہلاک ہوئے تھے۔
امریکہ میں سوائن فلو (ایچ ون این ون) کی وجہ سے 12 ہزار 469 جانیں گئیں، نائن الیون حملوں کے بعد دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سات ہزار 24 اور نائن الیون کے حملے میں دو ہزر 977 امریکی ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ میں کرونا وائرس سے اب تک چار لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دوسری جنگِ عظیم میں مرنے والے امریکیوں سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔#USA #CoronavirusOutbreak #CoronavirusPandemic #UrduVOA pic.twitter.com/NQk1E3kEXr
— VOA Urdu (@URDUVOA) January 22, 2021