حکومت بین الاقوامی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے سہولیات فراہم کرے گی: وزیراعظم

حکومت بین الاقوامی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے سہولیات فراہم کرے گی: ...
حکومت بین الاقوامی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے سہولیات فراہم کرے گی: وزیراعظم

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بے پناہ مواقع ہیں، حکومت بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ 

وزیراعظم سے ظہبی گروپ کے وفد نے ملاقات کی جس میں ظہبی گروپ کے سی ای او تنویر حسین اعوان، ڈائریکٹر سلمان ناصر عبداللہ البدی اور پاکستان کے کنٹری ہیڈ محمد شہباز خان شامل تھے۔ مشیر وزیراعظم عبدالرزاق داود، معاون خصوصی سید زوالفقار عباس بخاری چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی اور چیئرمین بی او آئی عاطف بخاری بھی ملاقات میں شریک تھے۔

وفد نے مستقبل میں سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے گہری دلچسپی کا اظہارکرتے ہوئے عمران خان کے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے ویژن اور بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری میں آسانیاں فراہم کرنے کے اقدامات کی تعریف کی۔تنویر حسین اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک میں معاشی استحکام کے حوالے سے اقدامات لائق تحسین ہیں، موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت عالمی سرمایہ کار کمپنیوں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اعتماد بحال ہوا ہے۔ وفد نے موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ ظہبی گروپ کے لاہور میں اعلی تعمیراتی منصوبے مبارک سینٹر، جو گزشتہ 15 سالوں سے التوا کا شکار تھا، کاآغاز کیا جا رہا ہے۔ وفد نے اس ضمن میں حکومت پاکستان کی جانب سے گروپ کو سرمایہ کاری کے حوالے سے آسانیوں کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم عمران خان نے ظہبی گروپ کی جانب سے مستقبل میں مزید سرمایہ کاری کے حوالے سے گہری دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بے پناہ مواقع ہیں۔

مزید :

قومی -