صدر مملکت نے آڈیٹر جنرل کو اہم ٹاسک دے دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )صدر ڈاکٹر عارف علوی نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ آڈٹ آٹومیشن کے عمل کو تیزی سے مکمل کریں تاکہ ادارے میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے، آڈیٹر جنرل ادارے کے اندر موجود خرابیوں کو دور کرنے کے لیے ایک ماہ میں روڈ میپ تیار کریں۔
صدر مملکت سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر نے ملاقات کی اور انہیں اے جی پی آفس کی کارکردگی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے ادارے کی استعداد کار میں بہتری لانے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ صدر عارف علوی نے کہاکہ معمولی مسائل میں الجھنے کی بجائے ادارے میں موجود شدید بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل ادارے میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی کریں اور قابل عمل حل تجویز کریں، آڈٹ آٹومیشن کے عمل کو تیزی سے مکمل کریں تاکہ ادارے میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔