اٹلی میں ایک سال کے دوران لاکھوں لوگ بے روزگار ہو گئے
روم(حماد ملک)یورپی ملک اٹلی میں بے روز گاری میں اضافہ ہونے لگا ،ایک سال کے دوران چھ لاکھ 62ہزار لوگوں کو نوکریوں سے نکال دیا گیا۔اٹلی کی سوشل سیکیورٹی اور پینشن کی ایجنسی کی سالانہ رپورٹ کے مطابق رواں سال میں کام کے لیے ہونے والے کنٹریکٹ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی اور تقریباً چھ لاکھ 62ہزار ایسے افراد سامنے آئے ہیں جن کے پاس پچھلے سال کام تھا لیکن ابھی بیروزگار ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس کی بڑی وجہ کورونا وائرس ہے جس نے لیبر مارکیٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے اور خاص کر عارضی اور سیزنل کام کرنے والے مزدور بے روزگار ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اٹلی میں سیاحت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور جسکی آمدن پچاس فیصد سے بھی کم ہو کر رہ گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریستوران اور ہوٹل سے وابستہ افراد بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔