آئی سی سی  نے مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2022کے شیڈول کا اعلان کردیا 

 آئی سی سی  نے مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2022کے شیڈول کا اعلان کردیا 

  

دبئی (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ 2022کے شیڈول کا اعلان کردیا  ہے۔  آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ کے  آٹھویں ایڈیشن  کی میزبانی آسٹریلیا کرے گا۔ میگا ایونٹ 16اکتوبر سے شروع ہوکر 13 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔پاکستان براہ راست سپر 12 راونڈ میں جگہ بناچکا ہے۔ اس مرتبہ بھی پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک ہی گروپ میں شامل ہیں۔ایم سی جی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے میچ کی میزبانی کرے گا۔روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20ورلڈ کپ کا میچ 23 اکتوبر کو  کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش اور جنوبی افریقا سمیت پہلے راونڈ کی دو ٹیمیں بھی پاکستان سے مقابلہ کریں گی۔پاکستان کو گروپ 2میں بھارت، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم 30 اکتوبر کو گروپ اے کی رنر اپ ٹیم سے میچ کھیلے گی جبکہ جنوبی افریقا سے 3 نومبر اور بنگلہ دیش سے 6 نومبر کو میچ ہوگا۔ٹی 20 ورلڈکپ کا افتتاحی میچ پہلے راونڈ کی ٹیموں سری لنکا اور نمیبیا کے درمیان 16 اکتوبر کو ہوگا۔ سپر 12 راونڈ کا آغاز 22 اکتوبر کو دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔ٹی20ورلڈکپ کے سیمی فائنلز سڈنی اور ایڈیلیڈ میں 9 اور 10 نومبر کو ہوں گے جبکہ فائنل ایم سی جی میلبورن میں 13 نومبر کو ہوگا۔میزبان آسٹریلیا میگا ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -