حضرت صدیق اکبرؓ کا طرزحکمرانی تعمیر و ترقی کاضامن،راغب نعیمی

حضرت صدیق اکبرؓ کا طرزحکمرانی تعمیر و ترقی کاضامن،راغب نعیمی

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈا کٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ سیدناصدیق اکبرؓ کاطرزحکمرانی تعمیروترقی اورامن کاضامن ہے۔خلیفہ رسول کی زندگی کا ایک ایک گوشہ عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔آپ کی تعلیمات وافکار پر عمل پیر اکرمسلمان کامیابی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ آج ہمیں ان کی حیات، سیرت، کردار اور اخلاق کا مطالعہ کرکے اپنی زندگیوں میں بھی انقلاب پیدا کرنا ہو گا۔

آپؓ کو مردوں میں سب سے پہلے اسلام قبول کرنے کی سعادت نصیب ہوئی، آپؓ کے خاندان کے تمام لوگوں کو صحابیت کا شرف ملا۔ آپ کا نام عبداللہ، آپکی والدہ کانام ام الخیر سلمٰی، والد کانام ابو قحافہ عثمان تھا۔آپ کے والد فتح مکہ کے بعد آپ کے سہارے چل کر بارگا رسالت میں حاضر ہوئے اور اسلام قبول کیا۔

 سینا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ ایمان کی دولت سے سر فراز ہونے کے بعداپنامال ودولت،اسلام کی اشاعت اور مظلوم مسلمان غلاموں کو آزاد کرانے میں خرچ کرتے رہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علامہ راغب نعیمی نے انارکلی میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گاپوری قوم جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے لاہور دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -