سپریم کورٹ  میں اگلے ہفتے سماعت کیلئے مقرر مقدمات کی کاز لسٹ جاری

 سپریم کورٹ  میں اگلے ہفتے سماعت کیلئے مقرر مقدمات کی کاز لسٹ جاری

  

  اسلام  آباد(آن لائن)سپریم کورٹ  میں اگلے ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیے گئے مقدمات کی کاز لسٹ جاری کردی گئی ہے۔ خواجہ برادران   کی ضمانت کے خلاف نظر ثانی اپیل اور شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی کی عمر قید کے فیصلے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔پیرا گان ہاؤنسگ اسکیم میں مبینہ  بے ضابطگیوں کے ملزمان خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کی ضمانت کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نیب کی نظر ثانی درخواست کی سماعت پیر 24جنوری کو ہوگی۔جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل تین رکنی بینچ ضمانت کی منسوخی کے لیے دائر نیب کی نظر ثانی درخواست پر سماعت کرے گا۔ اس ضمن میں نیب نے کو نوٹس جاری کردیا۔یہی بینچ بدھ 26جنوری کو شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی کی عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت بھی کرے گا۔ رجسٹرار  آفس کی طرف سے مقدمے کیفریقین کو نوٹسز جاری کردیے گئے۔دریں اثنا میاں منشا کیخلاف نیب انکوائری معطل کرنیکے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ منگل 25 جنوری کو نیب کی اپیل کی سماعت کرے گا۔اگلے ہفتے سپریم کورٹ میں مقدمات کی سماعت کے لیے چھ بینچ تشکیل دیے گئے ہیں تمام بینچ اسلام  آباد میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔ 

 سپریم کورٹ  

مزید :

صفحہ آخر -