پاکستان سمندری وسائل اور بلیواکا نومی سے مستفید ہونے کیلئے پُر عزم: صدر مملکت
گوادر (این این آئی)صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سمندری وسائل اور بلیو اکانومی سے مستفید ہونے کیلئے پر عزم ہے سینٹرل ایشیائی ممالک سے تجارت کے لیے رابطہ سڑکوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔گوادر میں سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان سمندری وسائل اور بلیو اکانومی سے مستفید ہونے کیلئے پر عزم ہے،گوادر پورٹ نہ صرف معاشی طور پر بلکہ دفاعی اعتبار سے بھی اہم ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ علاقائی روابط اور تجارت کے فروغ کے ساتھ بحری معیشت پر بھی توجہ مرکوز کرنی ہوگی، سینٹرل ایشائی ممالک افغانستان کے راستے گوادر پورٹ تک تجارت کے لیے بے چین ہیں۔ عارف علوی نے کہاکہ افغانستان میں 40 سال بعد امن آیا، پاکستان نے 40 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ فراہم کی، افغانستان میں مستقل امن سے ہماری معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہونگے۔ عارف علوی نے کہاکہ ہمیں انسانیت اور اخلاقیات کا درس دینے والی اقوام کورونا کے خلاف ہماری حکمت عملی کی معترف ہیں، کورونا کے خلاف بروقت فیصلوں سے نہ صرف عوام کو فائدہ ہوا بلکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچا۔ عارف علوی نے کہاکہ پاکستان کی تمام فورسز نے ملک کے دفاع اور مشکل کی ہر گھڑی میں اپنا مثبت کردار ادا کیا، سائبر جنگ دیگر مہلک ہتھیاروں سے زیادہ خطرناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پر متعدد بار سائبر حملے کیے جاچکے، سکیورٹی فورسز کو اس سے بچنے کے لیے تیار کرنا ہوگا۔
عار ف علوی