لاہور سمیت کئی اضلاع میں بارش، مر ی میں شدید برف باری کی پیش گوئی 

  لاہور سمیت کئی اضلاع میں بارش، مر ی میں شدید برف باری کی پیش گوئی 

  

        لاہور، اسلام آباد (نیوز رپورٹر،این این آئی) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں آئندہ دو روز تک موسم ابر آلود رہے گا جبکہ اس دوران صوبائی دارالحکومت سمیت دیگر شہروں میں بارش کا بھی امکان ہے۔گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ،نارووال،ننکانہ، شیخوپورہ،قصور،اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی،ملتان،راولپنڈی،جہلم میں بارش کے امکانات روشن ہیں جبکہ اس دوران شہر لاہور کی بات کی جائے تو یہاں پر درجہ حرارت 16سینٹی گریڈ رہا جبکہ رات کے وقت درجہ حرات میں نمایاں کمی آئی اور درجہ حرارت رات کے وقت 7سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔جبکہ صوبہ کے دیگر شہروں مین بھی یہی صورتحال رہنے کی توقع ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے جمعے کی رات سے پیرکی صبح تک مری میں شدید برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی وسیم ریاض نے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے پیشِ نظر مری آنے والے سیاحوں کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔سی ٹی او کے مطابق مری میں ضلعی پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی اور علاقے میں 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کو  داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، شام 5 سے صبح 5 بجے تک سیاحوں کے داخلے پرپابندی ہوگی، مری کے داخلی راستوں پرخصوصی چیکنگ پکٹس قائم کی گئی ہیں۔دوران برفباری سلپری روڈ ہونے کے باعث گاڑیوں کے ٹائروں پر چین کا استعمال کریں، دوران برفباری روڈ سے برف ہٹانے والی مشینوں کو فوری راستہ دیں۔وسیم ریاض نے کہاکہ مری میں تقریباً 3500 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے، برفباری کے دوران روڈ کے سائیڈ پر گاڑی کھڑی کرنے سے گریز کریں اور تنگ روڈ پر گاڑی کھڑی کرکے سیلفیاں بنانے سے گریزکریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ سیاح ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظراپنی گاڑی میں مکمل ٹول کٹ رکھیں اور مری آتے وقت اپنی گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں، مری کی سڑکوں پر دو طرفہ ٹریفک چلتی ہے لہٰذا ڈبل لین ہرگزنہ بنائیں۔

بارش،برف باری

مزید :

صفحہ اول -