مہینے میں 2مرتبہ پٹرول قیمتوں میں اضافہ افسوسناک قرار
پشاور(سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی یوتھ خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر محمد صدیق الرحمن پراچہ نے کہا ہے کہ نا اہل حکومت کی طرف سے رواں سال کے پہلے مہینے میں دوسری مرتبہ عوام پر پیٹرول بم گرانا عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے، عوام آج ضرور پچھتا رہے ہوں گے کہ یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے۔عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں لیکن پاکستان میں قیمتیں بڑھتی چلی جا رہی ہیں۔ آئی ایم ایف کے حکم پر قیمتیں بڑھانا جرم ہے جس کی سزا عوام ہی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منی بجٹ کے اثرات اب سے آنا شروع ہوگئے ہیں، آفٹر شاکس پورا سال جاری رہیں گے حکومت نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے اور اسکے کہنے پر پاکستانی عوام پر 343ارب کے نئے ٹیکس عائد کردیئے جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ اور عوام فاقوں پر مجبور ہو جائینگے، ریاست مدینہ اور عوامی فلاح کے دعویدار آج عوام کو زندہ درگور کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نئے پاکستان میں ہر سال گزشتہ برس کی نسبت زیادہ مہنگا ثابت ہوا مہنگائی سے نجات کا واحد حل عمران خان کی حکومت کا خاتمہ ہے وفاقی حکومت فی الفور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو عالمی منڈی کی قیمتوں کے مطابق کم کرے۔