پی پی مارچ اعلان‘ شہباز گل ہوش کھو بیٹھے ہیں‘ مہر سلطانہ

پی پی مارچ اعلان‘ شہباز گل ہوش کھو بیٹھے ہیں‘ مہر سلطانہ

  

پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات وسابقہ ممبر صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل اپنی نوکری پکی کرنے کے چکر میں ہوش کھو بیٹھے ہیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے مارچ کے اعلان کے بعد شہباز گل آئے روز اوٹ پٹانگ بیانات دیکر میڈیا میں ان رہنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ اپنے ایک اخباری بیان میں مہر سلطانہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائدین نے ملکی سیاست سے سیاسی شائستگی کا خاتمہ کردیا ہے جو ان کی سیاسی نا بالغی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے مارچ کے اعلان نے نا اہل‘ نالائق و سلیکٹڈ حکمرانوں کے اوسان خطا کردیئے ہیں حکمران جماعت کے وزراء‘ معاونین خصوصی اور رہنماء عوام کی توجہ مارچ سے ہٹانے کیلئے پیپلز پارٹی قائدین پر الزامات کی بوچھاڑ کر رہے ہیں تاہم عوام جان گئے ہیں کہ پی ٹی آئی قائدین کھوکھلے نعروں کے ذریعے عوام کو ورغلا رہی ہے اور ان کے پاس عوام کو ریلیف فراہمی کیلئے کسی قسم کا پلان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء کی سیاست صرف الزامات کی حد تک محدود ہے حکومت کی جانب سے پیپلز پارٹی قائدین پر بنائے جانیوالے کیسز الزامات ثابت ہوئے ہیں جس میں پیپلز پارٹی قائدین سرخرو ہوئے ہیں جس سے پیپلز پارٹی پر عوام کا اعتماد مزید بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر فورم پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے آواز اٹھاتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران دوسروں پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرنے سمیت معیشت کو مستحکم کرے بار بار منی بجٹ منظوری سے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باوجود حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس مشکل دور میں حقیقی معنوں میں عوام کی ترجمانی کر رہی ہے اور حقیقی جمہوریت کا کردار ادا کر رہی ہے جس کی بدولت پارٹی آئندہ ا نتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے سمیت عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -