جنوبی پنجاب میں بجلی چوری عروج پر، میپکو نے پولیس سے مدد مانگ لی 

جنوبی پنجاب میں بجلی چوری عروج پر، میپکو نے پولیس سے مدد مانگ لی 

  

  ملتان (نیوزرپورٹر،خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مہر اللہ یار بھروانہ نے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن(ر)ظفر اقبال سے بجلی چوروں اورٹرانسفارمرز چوری کرنے والے گروہ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور مقدمات کا اندراج نہ ہونے کے بارے میں ملاقات کی۔ ایڈیشنل آئی جی نے اس موقع پر کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج یقینی بنانے اور ٹرانسفارمرز (بقیہ نمبر50صفحہ6پر)

چورہ گروہ کو پکڑنے کے لئے جنوبی پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کو احکامات جاری کردئیے ہیں۔ایف آئی آرز کے اندراج کی زیر التوا درخواستوں پر مقدمات درج کرنے کی ہدایات دیدی ہیں۔ پولیس بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور ٹرانسفارمرز چوری کرنے والوں کو پکڑنے کے لئے میپکو کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ مقدمات کے اندراج کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایڈیشنل اے آئی جی پولیس عمران شوکت اور میپکو کے جنرل منیجر کسٹمرسروسزمحمد نعیم کو فوکل پرسن مقرر کیاگیاہے جبکہ ضلع کی سطح پر متعلقہ ڈی پی اوز اور میپکو کے آپریشن سرکل کے سپریٹنڈنگ انجینئر فوکل پرسن ہوں گے۔ ضلع کی سطح پر بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ وار بنیاد پر میٹنگز ہوں گی جس کی رپورٹ پولیس اور میپکو کے مقررکردہ فوکل پرسن کو پیش کی جائے گی۔مہر اللہ یار بھروانہ نے ایڈیشنل آئی جی  کو بتایاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں کے خلاف 13اکتوبر 2018 سے شروع کئے گئے آپریشن میں اب تک 79ہزار965بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں پولیس اسٹیشنوں میں بھیجی گئیں ان میں سے 39ہزار826بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج ہواہے جبکہ 37ہزار139بجلی چور وں کے خلاف تاحال مقدمات کا اندراج نہ ہوسکاہے۔ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں مہم کے دوران ایک لاکھ 5ہزار546بجلی چوروں کو 2ارب 62کروڑ14لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاگیااس میں سے تقریباًایک ارب 80کروڑروپے وصول کرکے محکمہ کے خزانے میں جمع کروائے گئے ہیں۔جنوبی پنجاب میں رات کے اوقات میں ٹرانسفارمرز چوری کرنے والے گروہ سرگرم ہیں۔ میپکو کی ٹیمیں ٹرانسفارمرز چوری کی وارداتوں پر قابوپانے کے لئے نائٹ چیکنگ کررہی ہیں۔ پولیس میپکو کا ساتھ دے اور خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کاروائی کرنے میں مدد کرے۔ ملاقات میں جنرل منیجر کسٹمرسروسز میپکومحمد نعیم اور ڈائریکٹرکمرشل میپکو اسد حماد بھی موجود تھے۔دوسری جانب میپکوٹیموں نے جنوبی پنجاب میں آپریشن کرتے ہوئے ایک روز میں 124صارفین کو بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑ لیا۔ایک لاکھ40ہزار یونٹس بجلی چوری کرنے پر29لاکھ66ہزارروپے جرمانہ عائدکردیا۔8بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کرادئیے۔  

مزید :

ملتان صفحہ آخر -