فوڈ سیکورٹی پالیسی سے کاشتکاروں کی بہتری کیلئے اربوں خرچ ہونگے: محب اللہ

فوڈ سیکورٹی پالیسی سے کاشتکاروں کی بہتری کیلئے اربوں خرچ ہونگے: محب اللہ

  

        پشاور(سٹی رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہا ہے کہ فوڈ سیکورٹی پالیسی کے تحت شعبہ زراعت اور زمیندار و کاشتکار طبقہ کی معاشی زندگی میں بہتری لانے کے لئے اربوں روپے خرچ ہونگے انہوں نے کہا کہ شعبہ زراعت ولائیو سٹاک معیشت کی مضبوطی اور بہتری میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن بدقسمتی سے ماضی میں حکومتوں نے اس اہم شعبہ کو نظرانداز کیا تھا جس کی وجہ سے زراعت کے شعبہ میں خاطر خواہ ترقی حاصل نہیں ہوسکی۔ اللہ کے فضل سے جب سے تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے شعبہ زراعت ولائیو سٹاک میں انقلابی اصلاحات ہوئی ہیں جن کے دوررس نتائج سامنے آرہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت کے ریٹائر ہونے والے ڈائریکٹر جنرل زراعت عابد کمال کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئر مین ڈیڈک سوات و ایم۔پی۔اے فضل حکیم خان یوسفزئی، سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد اسرار خان، سپیشل سیکرٹری جنت گل آفریدی سمیت زراعت، لائیو سٹاک، فشریز، سائل کنزرویشن، واٹر منیجمنٹ کے ڈائریکٹرز جنرل اور دیگر افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت زراعت کی ترقی کیلیے کوشاں ہے جبکہ کاشتکار طبقہ کو زیادہ سے زیادہ سے سہولیات دینا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا صوبے کی ترقی ک لئے تمام تر وسائل بروئے کارلانے پر زور دے رہے ہیں اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ریاست مدینہ کے ویژن کی تکمیل کے لئے آفیسرز کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا اور کردار اور کارکردگی سے مثالیں قائم کرنی ہونگی، تاریخ ہمیشہ صادق و آمین حکمرانوں کو یاد رکھتی ہے، سرکاری آفیسرز ایمانداری سے اگر فرائض سر انجام دیں گے تو یہ عبادت میں شمار ہوگا اور قوم ان کی کارکردگی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے ڈائریکٹر جنرل عابد کمال کی محکمہ کے لئے سر انجام دی گئی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ محکمہ کے دیگر افسران بھی ان کی طرح فرائض سرانجام دیتے ہوئے زراعت کی ترقی میں مثالی کردار ادا کریں گے۔ تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر نے محکمہ زراعت کے ریٹائرڈ ہونے والے ڈائریکٹر جنرل کو ان کی یاد گاری تصویربھی دی۔

مزید :

صفحہ اول -