کورنگی،پولیس کا فل ایکشن ملزمان کا تعاقب، 40ملزمان گرفتار

کورنگی،پولیس کا فل ایکشن ملزمان کا تعاقب، 40ملزمان گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)ضلع کورنگی پولیس کے 10تھانوں کا پورے ضلع میں جرائم پیشہ اور کرمنلز کے خلاف فل ایکشن، ملزمان کا بھر پور تعاقب، 40ملزمان گرفتار، اسلحہ، منشیات، لوٹا و چھینا ہوا مال، گٹکا ماوا سمیت دیگر اشیاء برآمد۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ضلع کورنگی شاہ جہان خان کے خصوصی ٹاسک پر کہ ضلع کورنگی کے چپے چپے پر کھوج لگا کر اور تعاقب کر کے ڈکیت و اسٹریٹ کرمنلز گروہوں، منشیات اور گٹکا مافیاز کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ مذکورہ ہدایات پر ضلع کورنگی کے 10تھانوں عوامی کالونی، سعودآباد، زمان ٹاؤن، کورنگی، لانڈھی، کورنگی صنعتی ایریا، ماڈل کالونی، الفلاح، شاہ فیصل کالونی، اور کھوکھراپار پولیس نے جرائم پیشہ و کرمنلز کے خلاف بڑی کھوجی کاروائیاں کرتے ہوئے مجموعی 40ملزمان کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 13میگزین، 19کارتوس، بڑی مقدار میں منشیات اور مضر صحت گٹکا ماوا، وارداتوں میں لوٹا و چھینا ہوا ساز و سامان اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیئے گئے۔ دوسری جانب ایس ایس پی ضلع کورنگی شاہ جہان خان نے سب ڈویژن پولیس افسران اور ایس ایچ اوز کو مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اسنیپ چیکنگ کو موثر بنائیں۔ جبکہ علاقہ معززین سے رابطے رکھیں۔ علاقوں میں خفیہ حکمت عملی اپناتے ہوئے ملزمان کے خلاف بھر پور کاروائیاں کریں۔ اُدھر ایس ایس پی ضلع کورنگی شاہ جہان خان نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پولیس پارٹییز کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔