عوام کی غربت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، ممتاز حسین سہتو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی حیدرآباد الخدمت فاؤنڈیشن میں بڑی خدمات سرانجام دی ہیں، حکومتی اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں میٹھے پانی کی فراہمی کیلئے صاف پانی کے فلٹر پلانٹ لگائے ہیں، یتیم بچوں کی پرورش اور کرونا کے وباکے دوران بھی بڑا اہم رول ادا کیا ہے، کئی گاؤں میں ہینڈ پمپ بھی لگائے گئے ہیں۔سندھ حکومت یہاں کے لوگوں کو کچا شراب پلاکر مارتو سکتی ہے مگر ان کیلئے صاف پانی فراہم نہیں کرسکتی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لطیف آباد میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے واٹرفلٹرپلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی سندھ کے کئی علاقے صاف پانی جیسی قدرتی نعمت سے محروم ہیں، یہ حکمران اپنے مفادات، بنگلے، محلات اور بینک بیلنس بنانے میں مصروف عمل ہیں، ان کے محلات کے مقابلے میں عوام کی غربت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، انسانیت کے درمیان امتیازی سلوک ظالمانہ اور کرپٹ نظام کا نتیجہ ہے جس کیخلاف جماعت اسلامی روز اول سے جدوجہد کررہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہر شہری کوبنیادی حقوق فراہم ہوں۔ الخدمت کی خدمات کراچی تا کشمور قابل تعریف ہیں، عوام کو چاہئے کہ اب بلدیاتی انتخابات میں نیک، صالح اور دیانتدار لوگوں کو منتخب کریں، سندھ کے عوام پر تیرہ سالوں سے پیپلزپارٹی حکومت کررہی ہے لیکن لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی بجائے غریبوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، پیپلزپارٹی کے ایم پی اے اور ایم این اے کی جانب سے ناظم جوکھیو کا بہیمانہ قتل ہو یا ام رباب چانڈیو کے خاندان اور فہمیدہ سیال کو قرآن پاک ہاتھ میں اٹھانے کے باوجود گولیوں سے بھون دیا گیا، سندھ کے وڈیرے اور بھوتار زرداری کے ہاتھ پر بعیت کرچکے ہیں اور آنے والے انتخابات میں ایک بار پھر عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے وزیراعل ی سمیت وزراء نام نہاد احتجاج کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتے ہیں لیکن اب سندھ کے لوگ ایسے تماشوں اور جھوٹے وعدوں کے چکر میں نہیں آئیں گے۔