خلائی مخلوق انسانوں کیساتھ رابطہ نہیں کرتی؟ روسی صدر پیوٹن پر ایسا الزام لگ گیا کہ آپ کی بھی ہنسی چھوٹ جائے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) خلائی مخلوق ہم انسانوں کے ساتھ رابطہ کیوں نہیں کر رہی؟ اس غیرمرئی مخلوق پر تحقیق کرنے والے ایک شخص نے اس کا مورد الزام روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو ٹھہرا دیا ہے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق نک پوپ نامی اس شخص نے کہا ہے کہ صدر پیوٹن آئے روز یوکرین پر حملہ کرنے کی جو دھمکی دیتے رہتے ہیں اور دنیا کو تیسری عالمی جنگ کی طرف دھکیلنے کا ماحول پیدا کرتے رہتے ہیں، اس کی وجہ سے خلائی مخلوق انسانوں کے ساتھ پہلا رابطہ نہیں کر رہی۔
نک پوپ کا کہنا تھا کہ ”خلائی مخلوق ممکنہ طور پر ٹیکنالوجی میں ہم سے کئی نوری سال جدید ہیں اور زمین کے حالات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ یوکرین کے معاملے پر دنیا جس طرح جنگ کے خطرے سے دوچار ہے اور روس سمیت مختلف ممالک اس صورتحال میں جس طرح کے دھمکی آمیز اور جارحانہ روئیے کا مظاہرہ کر رہے ہیں، خلائی مخلوق کے نزدیک یہ رویہ ابتدائی انسانی تہذیب کے لوگوں کا سا رویہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم سے کروڑوں گنا جدید خلائی مخلوق ہم سے رابطہ نہیں کر رہی کیونکہ ممکنہ طور پر اس کی نظر میں جنگ و جدل جدید لوگوں کا کام نہیں ہے۔ اگر صدر پیوٹن اور دیگر عالمی رہنماﺅں کا رویہ ایسا ہی جارحانہ اور دھمکی آمیز رہا تو آئندہ سالوں میں بھی خلائی مخلوق کے ہم سے رابطہ کرنے کا کوئی امکان نہیں ہو سکتا۔“