فواد چوہدری نے بھارت سے اچھے تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ کی نشاندہی کردی

فواد چوہدری نے بھارت سے اچھے تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ کی نشاندہی کردی
فواد چوہدری نے بھارت سے اچھے تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ کی نشاندہی کردی
سورس: File Photo

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 دبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بھارت کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے، ہم بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن مودی کی پالیسیاں اس مقصد کو پورا نہیں ہونے دے رہیں،سمندر پار پاکستانیوں کے لئے ہاوسنگ منصوبے کا آغاز کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان سمندر پار پاکستانیوں کی پشت پر کھڑے ہیں۔
عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئےوفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے، ہم بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، سرحد پار کے لوگوں کی بھی یہی خواہش ہے کیونکہ ان کا پاکستان کے لوگوں کے ساتھ تعلق ہے لیکن بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیاں اس مقصد کو پورا نہیں ہونے دے رہیں،مسئلہ کشمیر، مسلمانوں اور اقلیتوں کے لئے مودی کی پالیسیاں پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری میں بڑی رکاوٹ ہیں،اگر یہ رکاوٹیں نہ ہوں تو دونوں ممالک خطے میں بڑی تجارتی منڈیاں بن سکتے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ ملے لیکن اس کے لئے تعلقات کا معمول پر آنا ضروری ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بیرون ممالک پاکستانی مشنز میں تمام سفارتی عملہ کو سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں، وزیراعظم نے بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں کے مسائل سنے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں،وزیراعظم نے اپنی ٹھوس حمایت کے ذریعے بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں کی عزت میں اضافہ کیا ہےاور وہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے سہولیات کی ذاتی طور پرخود نگرانی کر رہے ہیں،ہم نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا اور بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات میں وہ اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں،سمندر پار پاکستانیوں کے لئے سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں جانے کی ضرورت کے بغیر پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور پاور آف اٹارنی کے آن لائن حصول کو آسان بنایا گیا ہے، سمندر پار پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مخصوص ہاوسنگ منصوبے جلد شروع کئے جائیں گے، ہم نے پاکستان میں 'سمندر پار پاکستانیوں کی سرمایہ کاری' کے لئے ایک نئے منصوبے کا آغاز کیا تاکہ انہیں جعلی اور فراڈ پر مبنی سکیموں سے محفوظ رکھا جا سکے، سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ہم نے اسلام آباد میں زمین پہلے ہی حاصل کرلی ہے جبکہ کراچی، لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں مزید زمین حاصل کرنے کے لئے کام جاری ہے، وزیراعظم عمران خان بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے لئے مخصوص سرمایہ کاری کی سکیموں کا عنقریب آغاز کریں گے۔

 چوہدری فواد حسین نےکہا کہ پاکستان میں کچھ طبقات کے لئے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، مہنگائی عالمی مسئلہ ہے، کووڈ 19 کے بعد دنیا بھر میں قیمتوں میں اضافہ ہوا،ہرملک اس کاسامناکررہاہے،اگرچہ عالمی معیشت اب بھی دباو کا شکار ہےلیکن اس کےباوجود پاکستان نےبہتر کارکردگی دکھائی،گزشتہ برس ہماری معیشت میں پانچ اعشاریہ تین فیصد اضافہ ہوا، یہ ایک اہم سنگ میل ہے جو ہم نے اقتصادی محاذ پر حاصل کیا،وزیراعظم عمران خان جلد متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے، متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، وزیراعظم کے دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاحت ہمارے ترقیاتی ایجنڈے میں سرفہرست ہے، مری کے بدقسمت واقعہ کے بعد ہم مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچنے کے لئے جامع منصوبہ پر کام کر رہے ہیں،اسلام آباد اور مری کے ہل ریزارٹس میں سیاحوں کی آمد  و  رفت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، ہم سیاحوں کے لئے متعدد سیفٹی گائیڈ لائنز متعارف کرا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے معیشت کا رخ بدل کر ترقی کی جانب گامزن کر دیا ہے جو سب سے بڑی کامیابی ہے، اس سے قبل ہماری خدمات پر مبنی اکانومی تھی جس کی توجہ صرف درآمدات پر تھی لیکن اب پاکستان کی معیشت برآمدات بالخصوص ٹیکسٹائل میں خاطر خواہ اضافے کے ساتھ اپنے پاوں پر کھڑی ہے، اپنی مستحکم خارجہ پالیسی کی بدولت پاکستان عالمی معاملات میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے، عالمی پالیسیوں پر وزیراعظم عمران خان کے مضبوط موقف کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہمیں التواءکا شکار تاپی گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر کام کرنا چاہئے، اس منصوبہ سے دونوں ممالک میں توانائی کے بحران کو حل کرنے میں مدد ملے گی، افغان حکومت پہلے ہی اس منصوبے کی توثیق کر چکی ہے اور ہم اس منصوبے پر کام کیلئے تیار ہیں،وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں ماحولیات پر بھرپور توجہ دی، عمران خان واحد وزیراعظم ہیں جو ماحولیات کے بارے میں بات کرتے ہیں، انہوں نے ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لئے پالیسیوں میں زبردست تبدیلیاں کی ہیں، ہم گرین اکانومی کی بات کر رہے ہیں، وسائل کے بغیر یہ آسان تبدیلی نہیں ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان زبوں حالی کا شکار ہے، اقوام متحدہ سمیت  عالمی امدادی اداروں کی پیشنگوئی ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے،اس مسئلے کے حل کے لئے دنیا کے دیگر ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان نے حال ہی میں اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی)کےوزراءخارجہ کاخصوصی اجلاس منعقد کیا اور تمام رکن ممالک کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہا،اس اجلاس کے بعد اقوام متحدہ نے افغانستان میں بدترین انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے پانچ ارب ڈالر کی اپیل کی، ہم نے طالبان سے کہا ہے کہ وہ جامع حکومت تشکیل دیں جس میں معاشرے کے تمام طبقات کی نمائندگی ہو، ازبک اور تاجک برادریوں کو بھی افغان حکومت میں شامل کیا جائے۔

گلف نیوز کے دورہ کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گلف نیوز کے دورہ سے وہ بہت متاثر ہوئے، گلف نیوز کا سیٹ اپ تکنیکی لحاظ سے ترقی یافتہ ہے، خطے کے بڑے اخبار کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایکسپو 2020ءدبئی میں پاکستانی میوزک اور فلم فیسٹیول کے افتتاح کے لئے آئے، فلم فیسٹیول میں ہماری فلمیں پاکستان پویلین میں دکھائی جائیں گی، توقع ہے کہ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد ہماری فلمیں دیکھیں گے، ایکسپو 2020ءدبئی نے ہمیں اپنی فلم اور میوزک انڈسٹری کو دکھانے کا بڑا موقع فراہم کیا ہے، اس فیسٹیول کے ذریعے پاکستانی فلموں کو یو اے ای میں فلم پروڈیوسرز کے قریب لانے میں مدد ملے گی، ہم اپنی فلم اور موسیقی کی صنعت کو ترقی دینے کے لئے مشترکہ پروڈکشن کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔

مزید :

قومی -عرب دنیا -