کراچی(پ ر)پاکستان انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ (PECO) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے اور پانچ سال سے التوا ء کے شکار مالیاتی اکاؤنٹس کی منظوری دی ہے، جو اس کے شیئرہولڈرز کے عام اجلاس میں 17 فروری 2025 کو پیش کئے جائیں گے۔ سابق منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) معراج انیس عارف کے زیرِ انتظام تباہ کن انتظامی غفلت نے کمپنی کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا، اور مالی خسارہ 1.2 ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔سابق ایم ڈی نہ صرف وزارتِ صنعت و پیداوار (MoIP)، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور وزارتِ قانون کی ہدایات کو نظرانداز کرتے رہے، بلکہ انہوں نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو اپنے فرائض کی انجام دہی سے بھی روکنے کی کوشش کی۔ اس غفلت نے PECO کو سپلائرز اور مالی اداروں کے مقدموں کی بدولت ڈیفالٹ کی حالت میں ڈال دیا۔ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین مرزا محمود احمد نے کہا ان اکاؤنٹس کی منظوری کے ذریعے ہم شفافیت، جوابدہی اور کمپنی کی بحالی کے لیے ایک مضبوط بنیاد قائم کر رہے ہیں۔کمپنی کی شدید مالی مشکلات کو دور کرنے اور آپریشنز کو مستحکم کرنے کیلئے بورڈ نے ایک رائٹس ایشو کا اعلان کیا جس کا مقصد کمپنی کی مالی حالت کو بہتر بنانا اور شیئر ہولڈرز کو اس کی بحالی میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ جمع ہونے والی رقم کو واجب الادا واجبات کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔