اسلام آباد (آئی این پی )قومی اسمبلی اجلاس میں کورم توڑنے کے منصوبہ میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے مشترکہ ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق پی پی کے سگنل پر پی ٹی آئی نے احتجاج ختم کر کے کورم کی نشاندہی کی، کورم کی نشاندہی پر مشترکہ طور ایوان چھوڑنے کا فیصلہ ہوا تھا، پی پی نے اسمبلی شروع ہونے سے قبل کورم توڑنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے کورم توڑنے کے معاملے پر پی ٹی آئی سے مشاورت کی تھی، پی پی کے آغا رفیع اللہ نے کورم کے معاملے پر پی ٹی آئی سے مشاورت کی، اجلاس سے قبل آغا رفیع اللہ نے پارٹی ایم این ایز کو فیصلے سے آگاہ کیا، پیپلز پارٹی کے ایم این ایز کو ہر صورت ایوان چھوڑنے کی ہدایت دی گئی تھی، ایوان نہ چھوڑنے والے ایم این ایز کو انضباطی کارروائی کا پیغام ملا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے ایم این ایز کو لابی میں کورم کی معاملے پر بریفنگ دی گئی تھی، پی پی قیادت نے پلان کی کامیابی پر آغا رفیع اللہ کو شاباش دی ہے۔