آئندہ بجٹ میں ڈویژن اور ضلع کی سطح پر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے دفاتر کی تعمیر کیلئے فنڈز مختص کیے جائیں گے: غلام صغیر شاہد

Jan 22, 2025 | 05:42 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز غلام صغیر شاہد نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ڈویژن اور ضلع کی سطح پر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے دفاتر کی تعمیر کے لیے فنڈز مختص کئے جائیں گے،ان دفاتر میں افسران و عملہ کی کمی دور کی جائے، حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور اقدامات کی وسیع پیمانے پر تشہیر کیلئے  تمام ضروری آئی ٹی آلات اور جدید سہولتیں فراہم کی جائیں، افسران پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا تینوں شعبوں میں مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کریں۔
وہ گزشتہ روز محکمہ تعلقات عامہ گوجرانوالہ ڈویژن اور متعلقہ ضلعی انفارمیشن آفسز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ میڈیا کی تیز رفتار ترقی کے پیش نظر محکمہ کی جدید خطوط پر ری ویمپنگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈائریکٹر گوجرانوالہ ڈویژن سید وقار نقوی، ڈی آئی او گجرات عثمان سندھو، ڈی آئی او نارووال احسان الحق، اور دیگر اضلاع کے نمائندگان نے ڈائریکٹر جنرل کو گزشتہ 3 ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے گوجرانوالہ ڈویژن اور اضلاع کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے ڈویژن میں کام کرنے والے تمام افسران کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مزید محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔
ضلعی افسران نے ڈی جی پی آر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ وسائل کے بہترین استعمال کے ذریعے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے اور حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا محمد سہیل رانا،ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خورشید جیلانی، ڈپٹی ڈائریکٹر پریس لاز نایاب حیدر نقوی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

مزیدخبریں