اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن ) رہنما تحریک انصاف علی ظفر نے کہا ہے کہ حکومت کو تحریری مطالبات دے دیئے ، جواب کیلئے7 دن ہیں۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ کے معاملے میں این سی اے نے شک کی بنیاد پرانکوائری شروع کی، این سی اے نے پیسے کو ڈی فریز کر دیا، یوکے قانون کے مطابق اگر پیسہ چوری کا ہو تو ڈی فریز نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور برطانوی کورٹ نے بھی کہا کہ یہ پیسہ چوری کا نہیں ہے، نیب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کابینہ نے پیسے ڈی فریز کرنے کا کہا ہے۔
بیرسٹر علی ظفرکا کہنا تھا کہ حکومت کو تحریری مطالبات دے دیئے ہیں انہوں نے7دن میں جواب دینا ہے، حکومت نے جواب نہ دیا تو مذاکراتی میٹنگ نہیں ہو گی۔
رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ تفتیشی افسر نے بتایا کہ پراپرٹی ٹائیکون اور ان کے بیٹے کےخلاف کیس نہیں بنتا، برطانوی کورٹ کوبتایا گیا کہ پیسے سے متعلق کوئی شکوک وشہبات نہیں، پورے کیس کی عمارت جوکھڑی ہے کہ یہ پیسہ چوری کا ہے، پیسہ سپریم کورٹ کے اکاو¿نٹ میں کابینہ کے فیصلے سے پہلے آیا، پیسہ این سی اے نے 2018 میں منجمد کیا تھا۔