سندھ میں ن لیگ کی حکومت ہوتی تو کل کا انتظار نہ کرتا، کراچی کے حالات اب تبدیل ہونے چاہئیں: چوہدری نثار

سندھ میں ن لیگ کی حکومت ہوتی تو کل کا انتظار نہ کرتا، کراچی کے حالات اب تبدیل ...
سندھ میں ن لیگ کی حکومت ہوتی تو کل کا انتظار نہ کرتا، کراچی کے حالات اب تبدیل ہونے چاہئیں: چوہدری نثار

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کراچی میں امن قائم کرنے کیلئے وفاقی حکومت مکمل سپورٹ فراہم کرے گی، سندھ میں بھی ہماری حکومت ہوتی تو کل کاانتظار نہ کرتا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کی جس میں امن و امان سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چوہدری نثار نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے الطاف حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔ دونوں رہنماﺅں میں قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ گورنر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، دہشت گرد مخصوص ذہنیت کے تحت تخریبی کارروائیاں کرتے ہیں ۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے صوبائی حکومت کو کردار ادا کرنا ہوگا جبکہ شہر کو پر امن بنانے کیلئے وسائل وفاقی حکومت مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کیلئے سندھ حکومت کی مکمل سپورٹ کریں گے، کراچی کی صورتحال انتہائی تشویش کا سبب ہے تاہم اب حالات تبدیل ہونے چاہئیں، ٹارگٹڈ یا لمیٹڈ ایکشن سیاست کو بالائے طاق رکھ کرنا ہو گا، امن کی بحالی کیلئے حتمی روڈ میپ کا تعین کرنا ہوگا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ وہ کراچی میں سیاست اور پوائنٹ سکورنگ کرنے نہیں آئے، چاہتے ہیں سندھ میں صوبائی حکومت آگے بڑھے۔ صدارتی انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدارتی امیدوار کا فیصلہ اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

مزید : اسلام آباد /اہم خبریں