طالبان کو تحریک انصاف کی سرپرستی حاصل ہے:حیدر عباس رضوی
(مانیٹر نگ ڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا ہے کہ عوام میں گرتی ہوئی ساکھ اور مقبولیت کو بچانے کے لئے عمران خان ایم کیو ایم پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ تحریک انصاف نے ڈرون حملوں سے متعلق بھی اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔دنیا نیوز کے مطابق انہوں نے الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا میں طالبان اور دیگر شدت پسندوں کو پی ٹی آئی کی سرکاری سرپرستی حاصل ہے۔ حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف زہرہ شاہد کی شہادت پر مگر مچھ کے آنسو بہانے کے بجائے اپنے دونوں ارکان صوبائی اسمبلی کے قاتلوں کی نام لے کر مذمت ہی کر دے۔