رانا مشہود کی محفل۔۔۔!

رانا مشہود کی محفل۔۔۔!
 رانا مشہود کی محفل۔۔۔!
کیپشن: pic

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


رانا ثنا اللہ نے وزارت کی ذمہ داریاں چھوڑیں تو سارا بوجھ رانا مشہود نے اپنے کندھوں پر اٹھا لیا ۔رانا مشہود نفیس آدمی ہیں، دلائل سے بات کرتے ہیں، غصے سے بولیں تب بھی ایسی بات کرتے ہیں، جس میں وزن ہو ۔بے تکے جملے نہیں بولتے ۔ہر موضوع پر بولتے ہیں، لیکن لفظوں کے چناؤ میں ہمیشہ محتاط رہتے ہیں۔ ہاں ! کبھی کبھی ایسا شگفتہ جملہ بھی بول لیتے ہیں جو میڈیا میں آئٹم خبر بن جاتا ہے ۔۔۔ کچھ روز پہلے چند صحافی دوستوں کے ہمراہ رانا مشہود کی محفل میں جانے کا اتفاق ہوا ۔ رانا صاحب نے مسکراتے ہوئے علیک سلیک کی،پھر باتوں کا سلسلہ چل نکلا۔محفل میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات مومن آغا بھی موجود تھے جو اپنے مخصوص دھیمے سٹائل میں صحافیوں اور رانا صاحب کے درمیان رفاقت کا احساس بڑھا رہے تھے ۔ رانا صاحب نے خوب باتیں کیں اور اچھی باتیں کیں، خاص طور پر انہوں نے آئی ڈی پیز کے لئے پنجاب حکومت کی کاوشوں کاذکر کیا ۔انہوں نے صحیح کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جب متاثرہ علاقوں سے لوگ بے گھر ہو کر آنے لگے تو پنجاب حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ سب سے پہلے امدادی سامان آئی ڈی پیز کے لئے پہنچایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے50 کروڑ روپے سے فوری طور پر وزیراعلیٰ فنڈ قائم کیا، جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے خطیر فنڈ جمع کرانے شروع کر دےئے۔

اس موقع پر صحافیوں نے بنوں کے علاقے میں خود جا کر امدادی سامان تقسیم کرنے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا ۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی حوالے سے خیبر پختونخوا کی حکومت اس پر جو بھی بیان بازی کرے، لیکن یہ حقیقت ہے کہ عوامی سطح پر وزیراعلیٰ پنجاب کے اس جذبے کو پسند کیا گیا ہے ۔انہوں نے جنوبی پنجاب میں سیلاب کے دوران محمد شہباز شریف کی طرف سے ذاتی کوششوں کا بھی ذکر کیا کہ کس طرح وزیراعلیٰ پنجاب خود سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گئے، پانی میں گھرے ہوئے لوگوں سے ملے، ان کی مدد کی، ان کے مسائل معلوم کئے اورانتظامی مشینری کو سیلاب زدگان کی مدد کے لئے متحرک رکھا۔ وزیراعلیٰ کی اسی سوچ کے جواب میں جنوبی پنجاب کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو بھرپور اعتماد دیا۔
رانا مشہود نے صحافیوں کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے بے گھر افراد کی مدد کے لئے دنیا کی سب سے بڑی امدادی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے کافی پیشرفت بھی ہو گئی ہے ۔نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں کے نوجوانوں کو اس مہم میں متحرک کیا گیاہے جو رضاکارانہ طور پر اس مہم میں شریک ہوں گے ۔انہوں نے بتایا کہ ملک کے مختلف تعلیمی اداروں سے اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات نے ،جو مختلف ملکوں کے دورے پر ہیں۔ فنڈ ریزنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور اس مقصد کے لئے انہیں خاطر خواہ کامیابی ملی ہے ۔رانا مشہود نے بتایا کہ آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے مختلف شہروں میں سپورٹس ایونٹ کرائے جائیں گے ۔ خاص طور پر صوبے کے مختلف شہروں میں کرکٹ میچوں کا اہتما م کیا گیا ہے، جس میں قومی سطح کے کھلاڑی بھی شرکت کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ میچوں کے حوالے سے شائقین کا رسپانس زبردست ہے اور اس سے آئی ڈی پیز کے لئے فنڈز اکٹھے کرنے میں مدد ملے گی۔ شاعروں، ادیبوں اور فنکاروں کو بھی اس مہم میں شامل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو بے گھر افراد کی واپسی تک امدادی کاموں کی نگرانی کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے مطالبے پر وہاں ٹیوب ویل بھی لگائے جارہے ہیں۔ جانوروں کو چارہ پہنچانے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ نجی تنظیموں اور پاکستان آرمی کی مشاورت سے امدادی کیمپوں میں ضروری سامان پہنچایا جارہا ہے۔ مستحق افراد تک امدادی سامان کی فراہمی کو شفاف بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اور اس مقصد کے لئے زونگ موبائل نیٹ ورک نے متاثرہ لوگوں کو خصوصی سمیں جاری کی ہیں۔ ملاقات میں صحافیوں نے عمران خان کے لانگ مارچ کا بھی ذکر کیا، جس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے کہاکہ ہماری توجہ بے گھر افراد کی مدد پر مرکوز ہے۔ خان صاحب کی اقتدار کے لئے غیر جمہوری حرکتیں عوام ناکام بنا دیں گے۔
سیکرٹری اطلاعات مومن آغا نے پنجاب حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے مختلف منصوبوں کے بارے میں صحافیوں کو اعتماد میں لیا۔ محفل میں گرمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر بھی بات ہوئی۔ سینئر صحافی سلمان غنی نے بڑی خوبصورت بات کہی کہ جب پیپلز پارٹی کے دور میں بجلی کا بحران جاری تھا تو انہوں نے کہاتھا کہ جس گھر میں بھی بجلی کا میٹر لگا ہوا ہے، وہ اگلے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو ووٹ نہیں دے گا، پھر ایسا ہی ہوا۔ رانا مشہود سمیت تمام صحافی ان کی اس بات پر متفق نظر آئے، جب بجلی کے ایشو پر مسلم لیگ (ن) کو عملی کاوشیں کرنی پڑیں گی، کیونکہ لوگوں کے گھر روشن ہوں گے تو مسلم لیگ (ن) کا مستقبل بھی روشن ہوگا۔

مزید :

کالم -