جہاز میں باحجاب لڑکی نے موبائل پر اپنی دوست کو ایسا پیغام بھیج دیا کہ ساتھ بیٹھی مغربی خاتون خوف میں ڈوب گئی، ائیرہوسٹس کو بلالائی، لیکن پھر کیا ہوا؟ جان کر آپ کو بھی بے حد خوشی ہو گی
گلاسگو (نیوز ڈیسک)مغربی ممالک میں یہ افسوسناک واقعات آئے روز دیکھنے میں آتے ہیں کہ کسی مسلمان مسافر کی موجودگی پر ساتھی مسافر اپنے خوف کا اظہار کرتے ہیں اور پھر مسلمان مسافر کو طیارے سے نکال دیا جاتا ہے ، مگر خوش قسمتی سے اس خاتون کا تجربہ بہت ہی مختلف رہا۔
انٹرنیٹ صارف جیوا اکبر نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ وہ گلاسگو سے ملاگا جانے کیلئے اپنی پرواز کی روانگی کا انتظار کر رہی تھیں اور اس دوران وہ ٹیکسٹ میسج کر رہی تھیں۔باقاعدگی سے حجاب پہننے والی جیوا اکبر ایک مسلم گروپ ”انقلاب قرآن“ کی رکن ہیں، جن کی جانب سے انہیں ٹیکسٹ میسج کے ذریعے بتایا گیا تھا کہ ان کی کار کو حادثہ پیش آگیا تھا۔ جیوا اکبر نے ان کے لیے ایک دعا لکھ کر بھیجی، لیکن اسی دوران ان کے برابر میں بیٹھی خاتون اٹھ کر چلی گئیں اور چند ہی لمحے بعد دو ائیرہوسٹسوں کو لے کر واپس آگئیں۔ جیوا اکبر کا کہنا ہے کہ یہ خاتون انتہائی خوفزدہ نظر آرہی تھیں اور ائیرہوسٹسوں کے کہنے کے باوجود اپنی سیٹ پر نہیں بیٹھ رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا،”پھر اس خاتون نے میری جانب دیکھتے ہوئے کہا کہ میں نے آپ کو فون پر ٹیکسٹ میسج لکھتے ہوئے دیکھا اور آپ نے اس میں لفظ’اللہ‘ لکھا تھا، جس کی وجہ سے میں بہت خوفزدہ ہو گئی۔ “ جیوا اکبر کا کہنا ہے کہ انہیں یہ بات سن کر دھچکا لگا مگر انہوں نے اپنے جذبات پر قابو رکھا اور نہایت نرمی اور مسکراہٹ کے ساتھ خوفزدہ خاتون کو بتایا کہ لفظ ”اللہ“ انگیریز ی لفظ گاڈ کے لیے استعمال ہوتا ہے، اور یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کو حادثہ پیش آنے پر اپنی نیک تمناﺅں کا اظہار کیا تھا اور ان کیلئے دعا لکھ کر بھیجی تھی، جس کا مفہوم کچھ یوں تھا ” اللہ آپ کا دن آسان کرے۔ “
جیوا اکبر کا کہنا ہے کہ کچھ ہی دیر میں یہ خاتون نہ صرف پرسکون نظر آنے لگیں بلکہ ان کے چہرے پرپچھتاوے کے آثار بھی نظر آرہے تھے۔ وہ کہنے لگیں ” یہ بات کیسی خوفناک ہے کہ میڈیا ہماری سوچ میں کتنی تبدیلی لا سکتا ہے۔ بس میں خوفزدہ ہو گئی تھی۔“
جیوا اکبر نے بتایا کہ اس کے بعد ان دونوں کے درمیان طویل گفتگو ہوئی اور تین گھنٹے کی پرواز کے دوران یہ خاتون ان کی بہت ہی اچھی دوست بن گئیں۔ انہوں نے خاتون کی جانب سے ملنے والا ایک ٹیکسٹ میسج بھی اپنے فیس بک اکاﺅنٹ پر پوسٹ کیا، جو کچھ یوں ہے ” ہیلو جیوا ، میں امید کرتی ہوں کہ آپ اپنی رہائشگاہ پر پہنچ گئی ہیں اور زیادہ تھکاوٹ محسوس نہیں کر رہی ہوں گی۔ آپ سے آج کی ملاقات بہت ہی شاندار تھی۔ آپ واقعی بہت متاثر کن اور انتہائی پیاری شخصیت کی مالک ہیں۔“