سلیم شیخ ،کامران جیلانی،سبیکا امام اور اقراء کی نئی ڈرامہ سیریل ’’لاج‘‘ آن ائیر
لاہور(فلم رپورٹر)سلیم شیخ ،کامران جیلانی،سبیکا امام اور اقراء کی نئی ڈرامہ سیریل ’’لاج‘‘ آن ائیرہو گئی ۔اس ڈرامہ سیریل کی کہانی ’بڑی صاحب‘ کے گرد گھومتی ہے جو ایک انا پرست اور لالچی خاتون ہیں۔ بڑی صاحب اپنے شوہر کے انتقال کے بعد اپنے سسر کو اپنے دیور چوہدری سکندر کے خلاف بھڑکا کر ساری جائیداداپنے نام کر ا لیتی ہیں ۔ یوں ان دونوں میں دشمنی کا آغاز ہوجاتا ہے اور مختلف حیلوں بہانوں سے ایک دوسرے کو زچ کرنے کی کوشش میں مصروف رہتے ہیں۔ چوہدری سکندر اپنے والد حاکم علی کی جائیداد میں سے اپنا حصہ وصول کرنے کیلئے برسوں کوششیں کرتا ہے مگر اسے کامیابی نہیں ملتی۔ چوہدری سکندر ایک نئی راہ نکالتا ہے اور بڑی صاحب سے اپنے گزشتہ سلوک کی معافی مانگ کر صلح کا ہاتھ بڑھاتا ہے اور اپنے اکلوتے پوتے سجاد کیلئے بڑی صاحب کی اکلوتی پوتی ’منت‘ کا ہاتھ مانگتا ہے ۔ یوں دونوں کی شادی ہوجاتی ہے مگر اس کے ساتھ ہی چوہدری سکندر کے عزائم بھی کھل کر سامنے آجاتے ہیں۔کیا بڑی صاحب اور چوہدری سکندر کی دشمنی ان کے بچوں کی زندگی برباد کر دے گی؟جاننے کیلئے دیکھئے ’’لاج‘ ‘نیلسن مسیح کے تحریر کردہ میگا پراجیکٹ کوفہیم برنی نے ڈائریکٹ کیا ہے ۔
مومنہ درید پروڈکشن کی پیشکش ڈرامہ سیریل ’’لاج‘‘کے نمایاں سبیکا امام‘ اقراء عزیز‘ زرنش‘ کامران جیلانی‘سلیم شیخ‘حاجرہ‘اسمیٰ عباس‘ حافظ محسن علی‘ نئی اعجاز‘مرزا زین بیگ‘ محمد اشرف اور دیگر۔ 20اقساط پر مبنی اس ڈرامے کا دورانیہ 45منٹ ہے۔