انٹرنیشنل کمیونٹی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے: فاؤنڈرز گروپ
لاہور(کامرس رپورٹر)فاؤنڈرز گروپ نے اپنے ایک اجلاس میں کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انٹرنیشنل کمیونٹی پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے کیونکہ اس کی وجہ سے جنوبی ایشیا میں بدامنی پھیل رہی ہے۔ اجلاس کی صدارت فاؤنڈرز گروپ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے کی اور سینئر لیڈرز میاں محمد اشرف ، سید محسن رضا بخاری، افتخار علی ملک، طارق حمید، شیخ محمد آصف، میاں مصباح الرحمن، شاہد حسن شیخ، میاں مظفر علی، فاروق افتخار، اعجاز اے ممتاز، عبدالباسط، الماس حیدر ، ناصر سعید اور صنعتکار و تاجر برادری نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اعجاز بٹ اور میاں محمد اشرف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور ظلم پر پاکستانی حکومت کے سخت موقف کی بھرپور حمایت کی۔
کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کا قتل عام قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کشمیریوں کے قتل عام پر خاموش بیٹھنے کے بجائے بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا سلسلہ فورا بند کرے۔ فاؤنڈرز گروپ کے لیڈرز نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرے وگرنہ حالات مزید خراب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو اپنا اندرونی معاملہ قرار نہیں دے سکتا۔ کشمیر پر بھارتی قبضہ غاصبانہ ہے اور آزادی کشمیر کے لوگوں کا بنیادی حق ہے جسے کوئی بھی چھین نہیں سکتا۔ فاؤنڈرز گروپ کے لیڈرز نے کہا کہ کہ پاکستان کے صنعتکارو تاجر اور عوام بھارت کے کشمیر غاصبانہ قبضے اور معصوم لوگوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے انٹرنیشنل کمیونٹی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق کی پامالی کے معاملے پر بھارت کی مذمت اور یہ سلسلہ روکنے کا مطالبہ کرے۔