معاشی ترقی صنعتی استحکام میں مضمر ہے ‘عبدالکریم خان

معاشی ترقی صنعتی استحکام میں مضمر ہے ‘عبدالکریم خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( اے پی پی)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت عبدالکریم خان نے کہاہے کہ معاشی ترقی صنعتی استحکام میں مضمر ہے لہٰذایہی وجہ ہے کہ حکومت صوبے میں نئی صنعتیں لگانے کے لئے عملی اقدامات کے ساتھ موجودہ بند صنعتی یونٹس کوبحال کرنے میں بھی پوری طرح پرعزم ہے اوراس ضمن میں حکومت نے اکنامک زونز ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی کاقیام عمل میں لایاہے۔ جس کے تحت سرمایہ کاروں کو صوبے میں صنعتیں لگانے کے لئے پرکشش مراعات فراہم کی گئی ہیں اوراب سرمایہ کاروں نے حکومت کے اس مراعاتی پیکج کے نتیجے میں سرمایہ کاری کے لئے صوبے کارخ کیاہے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے جمعرات کے روز حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ پشاور کادورہ کرنے کے بعد سرحد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی اے) کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری صنعت جنت گل ،انڈسٹریل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کے صدر غضنفر بلور، جنرل منیجر سرحدڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد ایاز خان، جنرل منیجر پراجیکٹ ایس ڈی اے نوروز خان کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں معاون خصوصی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں تعمیرہونے والی سڑکوں ،نکاسی آب ودیگر تعمیراتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے۔
اوراس کو مقررہ وقت پرمکمل کرنے کے ساتھ معیار کابھی خاص خیال رکھا جائے جبکہ صنعتی بستی کے اندر صنعتوں سے نکلنے والے پانی کے لئے مناسب نکاس کااورفوری طورپرانتظام کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ حیات آباد صنعتی بستی کو افغانستان کا گیٹ وے ہونے کی وجہ سے خاص اہمیت حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت اس کی تعمیروترقی پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔قبل ازیں انہوں نے حیات آباد صنعتی بستی کا تفصیلی دورہ کیا اورتعمیراتی کام جائزہ لیا۔

مزید :

کامرس -