پی ٹی وی لاہور سینٹرمیں کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف یومِ سیاہ منایا گیا
لاہور(فلم رپورٹر)وزیرِ اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی ہدائت پرگزشتہ روز پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹر میں پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین( سی بی اے) کے زیر اہتمام نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے مظالم اور بربریت کے خلاف یومِ سیاہ منایا گیا ۔کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے لاہورکے پی ٹی وی ملازمین نے جی ایم لاہور بشارت خان اور یونین کے مرکزی صدرجہانگیر خان کی قیادت میں بڑی تعداد میں سیاہ پٹیاں باندھ کر یومِ سیاہ پر نکالی جانے والی احتجاجی ریلی اورجنرل باڈی میں شرکت کی ۔ جنرل باڈی سے خطاب کرتے ہوئے لاہور سینٹرکے جنرل منیجر بشارت خان نے کہا خود کو سیکولر کہنے والے بھارت نے اپنی اقلیتوں اورکشمیریوں سے جوبہیمانہ سلوک روا رکھا ہوا ہے دنیا میں اس کی نظیر نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا استصواب رائے کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جو ایک نہ ایک دن انہیں مل کر رہے گا ۔ یونین کے مرکزی صدر جہانگیر خان نے کہا کہ ظلم کے ذریعے کسی قوم کی آزادی کو نہیں دبا یا جاسکتا اور بھارت کو بھی خطے میں پائیدار امن کیلئے جلد یا بدیر کشمیریوں کو آزادی دینا ہی پڑے گی ۔
کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے یوم سیاہ کی ریلی اور جنرل باڈی میں پروگرام منیجرچوہدری افتخار ورک، ایگزیکٹو ایڈمن اینڈ پرسنائل منیجر امجد حسین،ایگزیکٹو منیجر فنانس فہیم احمد،ایگزیکٹوانجینئرنگ مینجر احسان الحق ،چیف کیمرہ مین نجیب اللہ خان، پبلک ریلیشن آفیسر محمد کاملین خاں ،ڈیزائن منیجر اعظم ملک اور دیگر شعبہ جات کے سربراہان نے بھی شرکت کی ۔پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین( سی بی اے ) کے وسیم گل،اکمل چوہدری،جمیل قادری،غلام شبیر کھرل،ملک ظہیر،سید نوازش علی،فری خان رانا،شبّیراحمد،رانا گلزار احمد،میاں عارف،میاں عبدالرشید اور دیگر عہدیداروں نے بھی یوم سیاہ میں بھرپور شرکت کی ۔یوم سیاہ پر ریلی اور جنرل باڈی کے اختتام پر شہدائے کشمیر ، کی مغفرت اور ایصالِ ثواب اور کشمیر کی آزادی کیلئے دعا بھی کروائی گئی ۔