رخسانہ کنول فلم’’ایک رشتہ‘‘ کی کہانی لکھنے میں مصروف
لاہور(فلم رپورٹر)فلم انڈسٹری میں نووارد مصنفہ رخسانہ کنول نے ڈائریکٹر نوید رضا کی نئی فلم’’ایک رشتہ‘‘ کی کہانی لکھنی شروع کردی۔تفصیلات کے مطابق ان دنوں وہ اس فلم کے ڈائیلاگ لکھ رہی ہیں اس فلم کے فلمساز ملک آصف شہزاد ہیں۔ رخسانہ کنول نے بتایا کہ اس سے قبل وہ نوید رضا کی نئی فلم’’جھلا یار‘‘ کی کہانی لکھ چکی ہیں اور ان کی دوسری فلم شروع کی ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت فلم انڈسٹری کو سہارا دینے کے لیئے اچھوتے اور نئے موضوعات کی اشد ضرورت ہے اس لیئے میری کوشش ہے کہ میں نت نئے موضوعات پر کہانیاں لکھوں جنہیں فلمبندکیا جاسکے اور ناظرین کو بھی کچھ نیا دیکھنے کو مل سکے۔رخسانہ کنول نے کہاکہ اس سے قبل وہ دو کتابیں بھی لکھ چکی ہیں جو پبلش ہوچکی ہیں اگر میری ان فلموں کو پذیرائی ملی تو وہ مذید فلمیں بھی لکھیں گی۔
ہدائتکار نوید رضا نے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ نئے باصلاحیت لوگوں کو متعارف کروایاہے اس سے قبل انہوں نے رخسانہ ناز کو متعارف کروایا تھا جنہوں نے متعدد فلموں کی کہانیاں لکھیں مگر گھریلومجبوریوں کی بناء پر وہ فلم انڈسٹری چھوڑ گئیں اب انہوں نے رخسانہ کنول کو متعارف کروایا ہے جو ایک اچھا لکھنے والی ہیں ان کی پہلی لکھی ہوئی فلم’’جھلا یار‘‘ مکمل ہوچکی ہے اب وہ دوسری فلم’’ایک رشتہ‘‘ لکھ رہی ہیں جس کی شوٹنگ کاآغاز جلد کردیاجائیگا۔انہیں امید ہے کہ رخسانہ کنول فلم انڈسٹری کے لیئے روشنی کی ایک کرن ثابت ہوں گی۔