مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے عہدیداروں کا اجلاس
لاہور (جنرل رپورٹر)مسلم لیگ ہاؤس پنجاب میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے عہدیداروں کا اجلاس ہوا ، جس کی صدارت مرکزی صدر سہیل چیمہ نے کی ۔اجلاس میں قائدین محترم چوہدری شجاعت حسین ، چوہدری پرویز الہٰی ، چوہدری مونس الہٰی کو خراج تحسین پیش کیا گیا کہ انہوں نے محمد بشارت راجہ کو چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ پنجاب مقرر کیا ہے اور محمد بشارت راجہ کو مبارکباد بھی پیش کی گئی۔
۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر سہیل چیمہ نے کہا ہے کہ محمد بشارت راجہ کے چیف آرگنائزر بننے کے بعد مکمل یقین ہے کہ پنجاب بھر میں تحصیل اور ضلع لیول پر پاکستان مسلم لیگ اور تمام ونگز بہتر اور منظم طریقہ سے اپنے اپنے کام سرانجام دیں گے ۔مرکزی صدر سہیل چیمہ نے پنجاب MSF کے تمام ضلعی آرگنائزرز اور چیف آرگنائزر پنجاب ملک نور صمند بھٹی کو ہدایت جاری کی کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر تمام ضلعی و تحصیل عہدیداروں کے لیے سفارشات مکمل کرکے پاکستان مسلم لیگ ہاؤس پنجاب میں جمع کروائیں تاکہ جلد از جلد مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی تنظیم سازی کو اپنی شکل دی جاسکے ۔اس موقع پر صوبائی چیف آرگنائزر ملک نور صمند بھٹی نے کہا ہے کہ ایم ایس ایف پاکستان مسلم لیگ کا ہر اول دستہ ہے ۔ ایم ایس ایف کا ہر نوجوان پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے ۔ اس موقع پر صدر ایم ایس ایف لاہور عرفان رضا نے کہا ہے کہ جس طرح ایم ایس ایف قائد اعظم کی سربراہی میں تحریک پاکستان کے لیے ہر اول دستہ تھی اسی طرح آج ایم ایس ایف کا ہر جوان چوہدری شجاعت حسین ،چوہدری پرویز الہٰی کی قیادت میں پاکستان کی ترقی اور کشمیر کی آزادی کے لیے ہر اول دستہ ہے ۔مسلم لیگ ہاؤس میں ہونے والے اس اجلاس میں صوبائی چیف آرگنائزر لیبر ونگ پنجاب سجاد بلوچ نے آزادی کشمیر کے حق میں قرارداد بھی پیش کی جس کو اکثریت کے ساتھ منظور کیا گیا ۔