علماء کونسل حجاج کیلئے تربیتی اور معلوماتی پروگراموں کا یکم اگست سے آغاز کرے گی
لاہور(خبر نگار خصوصی) پاکستان علماء کونسل ملک بھر میں پاکستانی حجاج کیلئے تربیتی اور معلوماتی پروگراموں کا یکم اگست سے آغاز کرے گی۔حجاج کرام کو حج اور زیارت روضہ رسول ؐ کے سلسلہ میں معلومات اور آداب سے علماء اور مفکرین آگاہ کریں گے۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی،مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا ایوب صفدر،مولانا عبد الحمید وٹو،مولانا عبدالحمید صابری نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے احوال اور صورتحال دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام اور زائرین سے تقاضا کرتی ہے کہ وہ مناسک حج اور زیارت رسول اللہ ؐ کے سلسلہ میں اپنے ملک اور سعودی عرب کے قوانین کا احترام کریں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک کے مختلف شہروں میں حجاج کرام کیلئے تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جائے گاجس میں ان کو مختلف مکاتب فکر کے علماء حجاج کرام کو حج اور عمرہ کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے۔